پاکستان

کمیشن کے سامنے سرخرو ہوں گا: رانا ثناء اللہ

پنجاب کے سابق وزیرِ قانون نے کہا کہ سانحہ لاہور بدانتظامی کا نتیجہ ہے۔ کسی کو نقصان پہنچانے کی کوشش نہیں کی گئی۔

لاہور: صوبہ پنجاب کے سابق وزیرِ قانون رانا ثناء اللہ نے جوڈیشل کمیشن پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کمیشن میں پیش ہوکر سرخرو ہوں گے۔

پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے پارٹی کے ہر فیصلے کو دل سے تسلیم کیا ہے ۔

اُن کا کہنا تھا کہ مستعفی ہونے سے جوڈیشل کمیشن کی کارروائی شفاف ہوگی۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ کمیشن کے سامنے وزیر کی حیثیت سے نہیں عام آدمی کی طرح پیش ہوں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ سول انتظامیہ اور پولیس کا مقصد غیرقانونی رکاوٹیں دور کرنا تھا۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ وہ آج بھی اپنے مؤقف پر قائم ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ لاہور میں جو سانحہ پیش آیا وہ بدانتظامی کا نتیجہ ہوسکتا ہے، لیکن اس سلسلے میں قطعی طور پر کسی کو نقصان پہنچانے کی کوئی منصوبہ بندی نہیں کی گئی تھی۔

رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ معاملہ جوڈیشل کمیشن میں ہے اور وہ طاہر القادری کی جانب سے قتل کا الزام لگائے جانے پر کوئی تبصرہ نہیں کرسکتے ۔