پاکستان

نواز، شہباز شریف سمیت 21 کیخلاف مقدمے کی درخواست

درخواست میں وزیر اعظم نواز شریف، وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور حمزہ شریف کو نامزد کیا گیا ہے۔

لاہور: تحریک منہاج القرآن کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے جمعرات کو سانحہ ماڈل ٹاؤن کا مقدمہ درج کرنے کی درخواست دائر کر دی ہے جس میں وزیر اعظم نواز شریف، وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے رکن قومی اسمبلی حمزہ شریف سمیت اکیس افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔

واضح رہے منگل کو پاکستان عوامی تحریک (پی اے ٹی) کے کارکنان اور پولیس کے درمیان جھڑپ میں کم سے کم نوافراد ہلاک ہو گئے تھے۔

ڈان نیوز کے مطابق منہاج القرآن کے وفد نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کا مقدمہ تھانہ فیصل ٹاؤن میں درج کرنے کی درخواست دائر کر دی ہے۔

درخواست میں وزیراعظم نواز شریف، شہباز شریف، حمزہ شہباز، وزیر قانون رانا ثناء اللہ، وفاقی وزرا خواجہ آصف، عابد شیر علی، سعد رفیق، سابق ڈی آئی جی آپریشنز رانا جبار، سابق ایس پی ماڈل ٹاؤن طارق عزیز اور گلو بٹ سمیت اکیس افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔

اس سے پہلے عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری کے صاحبزادے حسین محی الدین کا نام ایف آئی آر سے عدم ثبوت پر خارج کر دیا گیا ہے۔