کھیل

آسٹریلیا ہاکی ورلڈ کپ کا دفاع کرنے میں کامیاب

فیصلہ کن معرکے میں آسٹریلوی ٹیم نے میزبان ہالینڈ کو 6-1 سے زیر کیا، کرس سیریلو نے شاندار ہیٹ ٹرک کی۔

ہیگ: آسٹریلیا نے مینز ہاکی ورلڈ کپ کا کامیابی سے دفاع کرتے ہوئے فیصلہ کن معرکے میں میزبان ہالینڈ کو ایک کے مقابلے میں چھ گول سے شکست دیکر مسلسل دوسری بار عالمی کپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔

فاتح ٹیم کی جانب سے کرس سیریلو نے شاندار ہیٹ ٹرک کرکے ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا، آسٹریلوی ٹیم پورے ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست رہی۔

تفصیلات کے مطابق اتوار کو ہالینڈ کے شہر ہیگ میں کھیلے گئے مینز ہاکی ورلڈ کپ کے فائنل میں دفاعی چیمپئن آسٹریلیا نے میزبان ٹیم ہالینڈ کو آؤٹ کلاس کر دیا اور میچ6-1 سے جیت کر مسلسل دوسرا اور مجموعی طور پر تیسرا ورلڈ کپ جیت لیا۔

آسٹریلیا کی جانب سے کرس سیریلو نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور تین گول سکور کرکے اپنی ٹیم کو ٹائٹل جتوانے میں اہم کردار ادا کیا۔

انہوں نے 20 ویں، 47 ویں اور 53 ویں منٹ میں گول سکور کئے۔ کیرن گاورز، گلین ٹرنر اور جمی ڈوئر نے ایک ایک گول کیا۔ ہالینڈ کی جانب سے واحد گول جیرن ہرٹزبرگر نے سکور کیا۔

اس سے قبل کھیلے گئے تیسری اور چوتھی پوزیشن کے میچ میں ارجنٹائن نے انگلینڈ کو 2-0 سے شکست دے دی۔

دونوں ٹیموں کے مابین پہلا ہاف بغیر کسی گول کے برابر رہا، دوسرے ہاف کے 55 ویں اور 56 ویں منٹ میں ارجنٹائن کے میٹلس پریڈیس نے یکے بعد دیگرے دو گول کرکے اپنی ٹیم کو فیصلہ کن برتری دلا دی جو آخر تک قائم رہی۔

پانچویں اور چھٹی پوزیشن کے میچ میں بیلجیئم نے جرمنی کو دو کے مقابلے میں چار گول سے ہرا دیا۔

بیلجیئم کی جانب سے ٹام بون، ٹینگوئے ، فلورینٹ وان اور سیباسٹین ڈوکلر نے گول سکور کئے۔

ساتویں اور آٹھویں پوزیشن کے میچ میں نیوزی لینڈ نے شوٹ آؤٹ پر سپین کو ایک کے مقابلے میں چار گول سے شکست دے دی۔