عمران خان کے نام پر مالی امداد جمع کرنے والا شخص گرفتار
پشاور: عمران خان کے نام سے پشاور کے علاقے سفید ڈھیری میں گھر گھر مالی امداد کے جعلی فارم فروخت کرنے والے کو رکن صوبائی اسمبلی فضل الہی نے موقع پر رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا ۔
ڈی سی پشاور نے فارم وصول ہونے والی رقم قبضہ میں لیکر تہکال پولیس سٹیشن کے ایس ایچ او کو ایف آئی آر درج کرکے مزید انکوائری کا حکم دیدیا۔
ضلعی انتظامیہ کے ایک ترجمان کے مطابق بدھ کے روز پاکستان تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی فضل الہی کو علاقہ سفید ڈھیری کے پارٹی صدر خالد خلیل نے اطلاع دی کہ انکے علاقے میں کامران نامی شخص دو خواتین کے ہمراہ عمران خان کے نام سے مالی امداد کے فارم گھر گھر تقسیم کرکے اس کے عوض پیسے وصول کررہے ہیں۔
اطلاع پر ایم پی اے نے مقامی پولیس کی مدد سے تواب گل عرف کامران ولد فقیر محمد سکنہ تہکال کو موقع پر رنگے ہاتھوں گرفتارکرلیا اور جعلی فارم اور وصول کئے گئے پیسوں سمیت گرفتار کرکے ڈی سی پشاور کے سامنے پیش کردیا گیا۔
ملزم اپنا نام کامران بتارہا تھا اور اپنے آپ کو علاقہ سربند کا رہائشی ظاہر کررہا تھا تاہم اس کی جیب سے برآمد ہونے والا شناختی کارڈ میں اس کانام تواب گل اور علاقہ تہکال لکھا ہوا پایا گیا۔
ابتدائی تفتیش میں ملزم نے اپنے آپ کو مقامی این جی او کا مالک ظاہر کیا اور بتایا کہ وہ بلڈ کینسر کے مریضوں کے لئے چندہ اکھٹا کررہا ہے۔
ڈی سی پشاور نے جعلی فارم وصول کرکے پیسوں کو قبضہ میں لیکر ایس ایچ او تھانہ تہکال کو ملزم کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے مزید انکوائری کے احکامات جاری کئے جبکہ متاثرہ لوگوں کو تھانہ تہکال کے ایس ایچ او سے رابطہ کی ہدایت کی ۔