پاکستان

لاہور ہائی کورٹ میں سیکریٹری داخلہ کی طلبی

افغانستان کی جیل میں قید پچیس پاکستانیوں کی رہائی، عدالت نے حکومتی مؤقف جاننے کے لیے یہ حکم جاری کیا۔

لاہور: افغانستان کی جیل میں قید پاکستانی شہریوں کی رہائی کے حوالے سے دائر پٹیشن کے سلسلے میں لاہور ہائی کورٹ نے سیکرٹری داخلہ شاہد خان کو طلب کرلیا ہے۔

جسٹس پروجیکٹ پاکستان (جے پی پی) کی جانب سے دائر کی جانے والی اس پٹیشن کے مطابق تقریباً 25 پاکستانی شہری افغانستان کی بگرام جیل میں بغیر کسی ٹرائل کے 2003سے قید تھے، جنہیں پاکستان کی حدود سے اغواء کر کے افغانستان میں قائم امریکی جیل میں رکھا گیا تھا۔

واضح رہے کہ 16 مئی کو وزیرِ داخلہ چوہدری نثار علی خان نے 10 پاکستانیوں کے افغانستان کی جیل سے رہائی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان افراد کو مقامی حکام کی جانب سے تصدیق کے بعد پاکستان لایا جائے گا۔ تاہم ابھی تک اس سلسلے میں کوئی پیش رفت نہیں ہو سکی ہے۔

سماعت کے دوران عدالت نے کہا کہ متعلقہ اداروں کو چاہیٔے کہ وہ رہا کیے جانے و الے افراد کے بارے میں معلومات فراہم کریں۔

قیدیوں کے بارے میں مزید معلومات فراہم نہ کرنے کے حوالے سے عدالت نے خدشات کا اظہار کیا اوراس معاملے پر حکومتی مؤقف سننے کے لیے عدالت نے وفاقی سیکریٹری داخلہ کو 5 جون کو طلب کرلیا ہے۔

رہائی پانے والے افراد میں اوّل نور، بسم اللہ خان، افتخار احمد، پائیزو خان، فرمان شاہ، عبدالستار، شاہ خالد، واجد رحمان، رحمت اللہ اور صلاح محمد(یونس رحمت اللہ) شامل ہیں۔