پاکستان

ہیسکو نے لعل شہباز قلندرؒ کے مزار کی بجلی کاٹ دی

حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کا کہنا ہے کہ محکمہ اوقاف نے دو کروڑ روپے کے بقایاجات ادا نہیں کیے تھے۔

دادو: حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (ہیسکو) نے بدھ کے روز حضرت لعل شہباز قلندر کے مزار کو بجلی کی فراہمی منقطع کردی۔

اس کا سبب ہیسکو حکام کے مطابق یہ تھا کہ محکمہ اوقاف نے دو کروڑ روپے کے بقایاجات ادا نہیں کیے تھے۔

محکمہ اوقاف کی جانب سے مزار کے معاملات کے منتظم مسعود احمد منگی نے صحافیوں کو بتایا کہ بل کی ادائیگی میں تاخیر کی وجہ یہ تھی کہ اس کی رقم بہت زیادہ تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے ہیسکو کے حکام کو بتایا تھا کہ ان بلوں کی اصلاح کردی جائے تو وہ اس کی ادائیگی کردیں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ زائرین کی سہولت کے لیے بجلی کی فراہمی جلد ہی بحال کردی جائے گی۔

ہیسکو کے سب ڈویژنل آفیسر نذیر سولنگی نے کہا کہ محکمہ اوقاف کے حکام نے رابطہ کربجلی کے محکمے سے رابطہ کیا تھا اور بل کی ادائیگی کے لیے یقین دہانی کرائی تھی۔