شمالی وزیرستان: بارودی سرنگ پھٹنے سے دو اہلکار ہلاک
پشاور: پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان کے علاقے نوشیر قلعہ میں دہشتگردوں کی جانب سے سڑک کنارے نصب کی گئی بارودی سرنگوں کے پھٹنے سے آج صبح دو دھماکے ہوئے، جس سے دو سیکورٹی اہلکار ہلاک اور تین زخمی ہوگئے۔
ڈان نیوز ٹی وی نے آئی ایس پی آر کے حوالے سے یہ رپورٹ دی ہے کہ اس سانحے کے بعد سیکورٹی اہلکاروں کی بڑی تعداد نے علاقے کامحاصرہ کرکے سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔
یاد رہے کہ چوبیس مئی کو مہمند ایجنسی میں بھی سیکورٹی فورسز کی ایک گاڑی کو بارودی سرنگ کے ذریعے ہی نشانہ بنایا گیا تھا، اس دھماکے سے کم از کم چھ سیکورٹی اہلکار ہلاک جبکہ ایک زخمی ہوئے تھے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے شمالی وزیرستان میں مسلح افواج کی جانب سے مشتبہ شدت پسندوں کے خلاف فضائی حملے کیے گئے تھے، جس میں عسکریت پسندوں کے اہم کمانڈروں سمیت بڑی تعداد میں دہشتگردوں کی ہلاکتوں کی رپورٹیں سامنے آئی تھیں۔
اس دوران شدت پسندوں کے ٹھکانوں پر زمینی کارروائیاں کے ضمن میں محدود پیمانے پر ٹارگٹڈ آپریشن کیا گیا تھا۔