پاکستان

عمران کے الزامات پر دھاندلی کی تحقیقات کا حکم

عمران خان نے حلقہ این اے اڑسٹھ کے پندرہ سو ووٹرز والے پولنگ اسٹیشن پر آٹھ ہزار ووٹ ڈالنے کا الزام لگایا تھا۔

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے اڑسٹھ میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے دھاندلی کے الزامات کی تحقیقات کا حکم دے دیا ۔

ذرائع نے ڈان نیوز کو بتایا کہ عمران خان کے سو فیصد سے زائد ووٹنگ کے الزامات کی تحقیقات کا فیصلہ کرتے ہوئے سرگودھا کے حلقے این اے اڑسٹھ سے ووٹوں کی گنتی کا ریکارڈ منگوا لیا ہے۔

گزشتہ سال گیارہ مئی کے انتخابات میں اس حلقے سے نواز شریف کامیاب ہوئے تھے۔

عمران خان نے پندرہ سو ووٹرز والے پولنگ اسٹیشن پر آٹھ ہزار ووٹ ڈالنے کا الزام لگایا تھا۔

دوسری جانب لاہور میں پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے کالم نویس اور اینکر پرسنز سے ملاقات کی ۔

اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ وہ آئین کےدائرہ کارمیں رہ کر انتخابی اصلاحات چاہتے ہیں جبکہ اس حوالے سے تحریک انصاف دیگر جماعتوں سے رابطے میں ہے۔

تاہم انہوں نے موجودہ حالات میں اپوزیشن جماعتوں کا وسیع تر اتحاد قبل از وقت قرار دیا۔

عمران خان نے مزید کہا کہ مارشل لاء سمیت کسی بھی غیر جمہوری اقدام کی سختی سے مخالفت کی جائے گی۔

۔عمران خان کہتے ہیں انتخابی اصلاحات نہ کی گئیں تواگلےالیکشن کابائیکاٹ کریں گے۔۔