پاکستان

'پاکستان راشد رحمان کے قاتلوں کو انصاف کے کٹہرے میں لائے'

امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان کا کہنا ہے کہ انسانی حقوق کے لیے اُٹھنے والی آواز کا خاموش کرایا جانا قابلِ افسوس ہے۔

واشنگٹن: امریکہ نے گزشتہ روز جمعہ کو پاکستان پر زور دیا کہ وہ ملتان میں قتل کیے جانے والے سینیئر وکیل راشد رحمان کے معاملے کی تفتیش کرے۔

امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان جین ساکی کے مطابق انسانی حقوق کے لیے اٹھنے والی ایک اور آواز کا خاموش کرادیا جانا قابلِ افسوس ہے۔

انہوں نے پاکستان سے مطالبہ کیا کہ اس واقعہ کی آزادنہ طریقے سے تیزی کے ساتھ تفتیش کرے اور ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لے کر آئے۔

خیال رہے راشد رحمان کو رواں ہفتے بدھ کو ملتان میں واقع ان کے دفتر میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے ہلاک گردیا تھا۔

اس واقعہ میں دیگر دو افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔

جین ساکی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ پاکستان میں ہونے والے دہشت گردی کے اس واقعہ کو گہری نظر سے دیکھ رہا ہے۔

اس دوران انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات جاری رکھے جائیں گے۔

واضح رہے کہ ان دنوں مبینہ طور پر توہین مذہب میں ملوث ایک ملزم کا مقدمہ لڑنے والے وکیل راشد رحمان خان کی جان کو پہلے سے خطرات لاحق تھے اور انہوں نے اس بارے میں متعلقہ حکام کو بھی آگاہ کیا تھا۔