دونوں فریق جنگ بندی کے بجائے مذاکرات پر توجہ دیں، سمیع
نوشہرہ: طالبان مذاکراتی کمیٹی اور جمعیت علمائے اسلام (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے اتوار کو کہا ہے کہ حکومت اور طالبان جنگ بندی کے بجائے مذاکرات پر توجہ دے۔
ڈان نیوز کے مطابق اکوڑہ خٹک میں کانفرنس سے خطاب میں سمیع الحق نے کہا کہ جنگ بندی کی بات کرنے والے ملک دشمن ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جنگ میں کسی کا فائدہ نہیں اگر تباہی پھیلی تو دونوں فریقین اس کے ذمہ دار ہوں گے۔
مولانا نے کہا ملک میں لگی پرائی آگ کو بجھانے کے لیئے ایک ہونا ہوگا کیونکہ پوری دنیا پاکستان میں امن کے بجائے جنگ چاہتی ہے انہوں نے کہا کہ دونوں فریقین کو صبر وتحمل سے کام لینا ہوگا۔
سمیع الحق نے کہا کہ آپریشن کی بات میڈیا پر اینکرز کرتے ہیں جبکہ مذاکرات کی بات علما کرتے ہیں۔
طالبان مذاکراتی کمیٹی کے سربراہ نے کہا کہ مذاکرات میں پیشرفت ہو تو مصنوعی بحران پیدا کیےجاتے ہیں۔
سمیع الحق نے حکومت اور طالبان کمیٹی کے درمیان امن مذاکرات آئندہ دو دنوں میں دوبارہ شروع ہونے کی امید کا اظہار کیا۔