عمران خان کا حکومت کیخلاف تحریک چلانے کا اعلان
اسلام آباد: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے گیارہ مئی سے حکومت کے خلاف تحریک چلانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن میں دھاندلی کرنے والوں پر آرٹیکل چھ لگنا چاہیے۔
ڈان نیوز کے مطابق اسلام آباد میں تقریب سے خطاب میں عمران خان نے الزام عائد کیا کہ سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے انتخابات کے دوران ہونے والی دھاندلی کو نظر انداز کیا۔
انہوں نے کہا رواں سال مئی کے مہینے میں پاکستان کی جمہوریت کی خاطر سڑکوں پر نکلیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ گیارہ مئی کو شروع ہونے والی تحریک اب نہیں رکے گی جبکہ آگے کا لائحہ عمل اس کے بعد دیا جائے گا۔
اپنے موقف کو دہراتے ہوئرے عمران خان نے واضح کیا کہ دھاندلی کو کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔
چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ فوج کی مضبوطی سے ہی ملک مضبوط ہوگا جبکہ آئین توڑنے والوں کو سزاملنی چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف نے انتخابات میں پنکچر لگانے والوں کی نشاندہی کیلئے ایک سال کا وقت دیا لیکن انصاف نہیں مل سکا۔