پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی منظوری
اسلام آباد: وزارت خزانہ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کرنے کی منظوری دے دی ہے جس کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فیصلہ وزیراعظم محمد نواز شریف سے وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی ملاقات میں کیا گیا۔
وزیر خزانہ نے وزیراعظم کو ملک کی مجموعی اقتصادی صورتحال سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈالر کی قیمت 98 روپے کے آس پاس ہونے کی وجہ سے درآمدات پر مثبت اثر پڑے گا۔
اس موقع پر وزیراعظم نے قیمتوں میں کمی کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں اقتصادی استحکام اور ڈالر کی قدر میں کمی کا فائدہ عام آدمی کو ہونا چاہیئے۔
وزیراعظم نے ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں اضافہ کے باعث درآمدی لاگت میں 5 فیصد کمی کے نتیجہ میں پٹرولیم کی قیمتوں میں کمی کے بعدتمام صوبائی وزرائے اعلیٰ کو خط ارسال کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کم درآمدی لاگت اور نقل و حمل کے اخراجات میں کمی کے فوائد شہریوں کو منتقل کئے جائیں۔
وزرائے اعلیٰ کو خط میں وزیراعظم نے مزید کہا کہ ہمیں امید ہے کہ نقل و حمل کے کم اخراجات کے باعث ضروری اشیاءکی قیمتوں میں کمی آئے گی۔
حکومت نے پٹرول کی قیمت میں 1.72 روپے، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 2.90 روپے، ایچ او بی سی کی قیمت میں 4.66 روپے، لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 5.16 روپے جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 5.61 روپے فی لٹر کمی کی گئی ہے۔