انٹر بینک میں ڈالر اٹھانوے روپے بانوے پیسے کی سطح پر آگیا
کراچی: روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی گراوٹ جاری ہے اور آج پیر کے روز انٹر بینک میں ڈالر اٹھانوے روپے بانوے پیسے کی سطح پر آگیا ہے۔
گزشتہ کچھ دنوں سے روپے کی قدر میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے اور ڈالر کی قدر ہر گزرتے دن کے ساتھ کم ہوتی جا رہی ہے۔
ڈان نیوز ٹی وی کے مطابق انٹر بینک مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے دوران ایک مقام پر ڈالر سینتالیس پیسے کی کمی کے بعد اٹھانوے روپے پچانوے پیسے کی سطح پر دیکھا گیا۔
اقتصادی تجزیہ کاروں کے مطابق مرکزی بینک کی جانب سے روپے کو مزید مستحکم کرنے کے لیے شرح سود کو دس فیصد پر برقرار رکھا گیا تھا، جس کے اثرات نمایاں ہورہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق درآمد کنندگان کی طرف سے ڈالر کی مانگ میں کوئی اضافہ نہیں دیکھا گیا جس کے باعث روپیہ مضبوط ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔
ڈالر کی شرح مبادلہ میں آنے والی اس قدر تیز رفتار گراوٹ سے بینکوں کو شدید دھچکا لگا ہے، اس لیے کہ ان کے پاس جمع اربوں روپے کے ڈالرز کی قیمت کم ہوگئی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ڈالر کو سو روپے کی سطح سے نیچے لانے کے عزم کا اظہار کیا تھا۔
انہوں نے سرمایہ کاروں سے ڈالر کیش کروانے کی بھی تلقین کی تھی تاکہ نقصانات سے بچا جاسکے۔