پاکستان

پاک امریکہ تجارتی مذاکرات اگلے ہفتے بحال ہوجائیں گے

مذاکرات میں شرکت اور امریکی سرمایہ کاروں سے ملاقاتوں کے لیے وزیرِ تجارت خرم دستگیر بارہ مارچ کو امریکہ پہنچیں گے۔

واشنگٹن: پاکستان اور امریکہ تقریباً دو سال کے وقفے کے بعد اگلے ہفتے سے ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ فریم ورک معاہدے (ٹی آئی ایف اے) کے لیے اپنے مذاکرات بحال کرنے جارہے ہیں۔

وفاقی وزیر برائے تجارت خُرم دستگیر اس سلسلے میں اپنے تین روزہ دورے پر بارہ مارچ کو واشنگٹن جائیں گے، جس کے دوران وہ ناصرف ٹی آئی ایف اے مذاکرات میں شریک ہوں گے بلکہ امریکی کاروباری شخصیات اور سرمایہ کاروں سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔

اس دورے کے موقع پر پاکستانی کاروباری شخصیات کا ایک وفد بھی ان کے ہمراہ ہو گا۔

ایک سینیئر پاکستانی عہدےدار کا کہنا ہے کہ "پاکستان امریکی مارکیٹ میں زیادہ سے زیادہ رسائی حاصل کرنے اور امریکی سرمایہ کاروں کی جانب سے پاکستان مسلم لیگ کی حکومت کے ساتھ سرمایہ کاری کو آگے بڑھانے کا خواہاں ہے۔"