پاکستان

طالبان قیدیوں کی فہرست موصول، سمیع الحق

طالبان قیدیوں کی فہرستیں موصول ہوئی ہیں اور جلد ہی اس پر بات ہو گی۔ مولانا سمیع الحق۔

اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام ( جے یو آئی۔ایس) کے سربراہ اور طالبان مذاکراتی کمیٹی کے کوآرڈیننٹر مولانا سمیع الحق نے پیر کو کہا ہے کہ طالبان قیدیوں کی فہرستیں موصول ہوئی ہیں اور جلد ہی اس پر بات ہو گی۔

ڈان نیوز کے مطابق اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مولانا سمیع الحق نے کہا کہ طالبان کی ایک ماہ کی جنگ بندی کے اعلان کو غنیمت سمجھنا چاہئے۔ حکومت کے پاس بچے، بوڑھے اور خواتین قید ہیں تو انہیں رہا کرے۔

طالبان مذاکراتی کمیٹی کے سربراہ نے کہا ہے کہ امن مذاکرات ناکام بنانے کے لیے سازشیں کی جارہی ہیں لہذا مذاکراتی عمل کو داخلی اور خارجی سازشوں سے بچانا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ طالبان کو نقل و حرکت میں آسانی دی جائے تاکہ سازگار ماحول میں بات چیت ہوسکے۔

سمیع الحق نے کہا کہ طالبان کو ہر شرانگیز کارروائی سے اعلان لاتعلقی کرنا ہوگی اور حکومتی ادارے بھی ہر کارروائی کو طالبان کے کھاتے میں ڈالنے سے گریز کریں۔

مولانا نے کہا کہ نائن الیون کے بعد آمر کے فیصلوں نے ملک کو تباہی سے دوچار کیا انہوں نے کہا کہ غلامانہ پالیسیوں پر پارلیمنٹ بھی نظرثانی کا مطالبہ کرچکی ہے۔

طالبان مذاکراتی کمیٹی کے سربراہ نے کہا کہ دشمن مذاکرات ناکام بنانے کیلئے دہشتگردی کراتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات کا راستہ اختیار کرکے عوامی جذبات کا احساس کیا گیا ہے۔

مولانا سمیع الحق نے آج اسلام آباد میں ہونے والے حملے پر طالبان کی مذمت کو سراہا اور اسے طالبان کی طرف سے خوش آئند اشارہ قرار دیا۔ انہوں نےکچہری میں ہونے والے سانحے پر دکھ کا بھی اظہار کیا۔