پاکستان

امریکا پاکستان میں امن نہیں چاہتا، عمران خان

شمالی وزیرستان میں کارروائی ہمارے حق میں نہیں ہے، اس سے قبل ہونے والے آپریشن میں ملک کو نقصان پہنچا، سربراہ پی ٹی آئی۔

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ امریکا اور دیگر عناصر پاکستان میں امن نہیں چاہتے۔

تحریک انصاف کے سربراہ کا یہ بیان ایک ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب گزشتہ دنوں تحریک طالبان پاکسان نے پاکستانی ریاست کے خلاف جنگ بندی کا اعلان کیا تھا۔

ٹی ٹی پی کے اس بیان کے ایک روز بعد ہی پاکستانی حکومت نے بھی طالبان کے خلاف فضائی حملوں کو روکنے کا اعلان کیا تھا۔

پیر کے روز ڈان نیوز کے مطابق اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ جو مذاکرات کرنا نہیں چاہتے ان کے خلاف ایکشن ہونا چاہیئے۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں کی پاکستان کے دشمن پشت پناہی کررہے ہیں اور کچھ عناصر پاکستان میں امن نہیں دیکھنا چاہتے۔

انہوں نے کہا کہ شمالی وزیرستان میں آپریشن ہمارے حق میں نہیں ہے جبکہ اس سے قبل ہونے والے وزیرستان آپریشن میں ملک کو مزید نقصان پہنچا تھا۔