پاکستان

گل بہادر کی مذاکرات سے علیحدگی

طالبان اور حکومت کے درمیان جاری مذاکراتی عمل سے طالبان رہنما نے خود علیحدہ کرلیا ہے۔

میران شاہ: پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان ایجنسی کے طالبان رہنما حافظ گل بہادر نے حکومت اور تحریک طالبان پاکستان کے درمیان مذاکراتی عمل سے خود کو علیحدہ کرلیا۔

ان کے ترجمان احمد اللہ احمدی نے اتوار کے روز ایک بیان میں کہا کہ اگرچہ 2006ء میں مقامی طالبان اور حکومت کے درمیان ہونے والے معاہدے کی کئی بار خلاف ورزی کی گئی ہے، لیکن یہ اب بھی برقرار ہے۔

خیال رہے کہ 2008ء میں اس معاہدے کو نئے سرے سے تیار کیا گیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ’’حکومت نے اس معاہدے کی متعدد بار خلاف ورزی کی، لیکن طالبان اب اس پر عمل پیرا ہیں۔‘‘

انہوں نے کہا کہ وہ کسی کو بھی اس کی خلاف ورزی نہیں کرنے دیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ گل بہاد گروپ ٹی ٹی پی کا حصہ نہیں ہے۔

یہ بیان طالبان کی جانب سے ایک مہینے کے لیے جنگ بندی کے اعلان کے ایک روز بعد جاری کیا گیا۔

ترجمان احمد اللہ احمدی نے کہا شمالی وزیرستان میں گل بہادر کی قیادت میں طالبان شوریٰ حکومت اور ٹی ٹی پی کے ساتھ مذاکراتی عمل میں شامل نہیں ہے۔