دنیا

پالتو طوطے کی مدد سے قاتل گرفتار

ہندوستان میں ایک پالتو طوطے نے اپنی مالکن کے قاتل کو پکڑوانے میں کردار ادا کیا۔

آگرہ: ہندوستان میں ایک پالتو طوطے نے اپنی مالکن کے قاتل کو پکڑوانے میں کردار ادا کیا۔

پچپن سالہ خاتون کو 20 فروری کو آگرہ میں چاقو کے وار سے قتل کردیا گیا جبکہ ان کے گھر میں موجود زیورات بھی چوری کرلیے گئے تھے۔

مقتولہ کے لواحقین کو اس وقت شک ہونا شروع ہوا جب انکے نیفیو اشوتوش گوسوامی گھر میں آتے یا ان کا نام لیا جاتا تو یہ طوطا اپنے پنجرے میں انتہائی بے چین ہوجاتا۔

متاثرہ خاتون کے دیور اجے شرما نے بتایا کہ اہل خانہ نے طوطے کے سامنے مختلف نام لینا شروع کیے تاہم وہ خاموش رہتا لیکن جب ملزم کا نام لیا جاتا تو وہ ردعمل دینے لگتا۔

شرما نے اے ایف پی کو بتایا: جب بھی اشوتوش کا نام لیا جاتا تو طوطا غیر معمولی برتاؤ کا اظہار کرتا جس سے ہمیں اس کے ملوث ہونے پر شک ہوا۔ یہ اطلاع ہم نے پولیس کو دے دی۔

ایک مقامی پولیس افسر کا کہنا ہے کہ اشوتوش کے گھر سے زیورات اور قتل کا ہتھیار برآمد ہونے کے بعد انہیں گرفتار کرلیا گیا۔

آگرہ پولیس کے سینئر سپرانٹینڈنٹ شلب ماتھر 'ہیرا' نامی اس طوطے کے کردار کو سراہا اور کہا کہ اس کی وجہ سے انہیں قاتل تک پہہنچنے میں بہت مدد ملی۔