ٹی ٹی پی نے غیرمشروط جنگ بندی کا حکومتی مطالبہ مسترد کردیا
میران شاہ: کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے حکومت کی جانب سے غیر مشروط جنگ بندی کے مطالبے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہم نے ایسا کرنا ہوتا تو دس سال قبل ہی کرلیتے۔
ٹی ٹی پی کے ترجمان شاہد اللہ شاہد نے گزشتہ روز منگل کو ایک صحافی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے ہمارے خلاف جنگ شروع کر رکھی ہے اسے چاہیے کہ وہ پہلے اپنی کارروائیاں بند کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر حکومت جنگ کرتی ہے تو ہم بھی اس کا جواب دیں گے۔
انہوں نے پیر کے روز اپنے سینیئر کمانڈر عصمت اللہ شاہین بیٹانی کی ہلاکت کا الزام انٹیلیجنس ایجنسیوں پرعائد کیا۔
انہوں نے شاہین بیٹانی کو اپنا ایک جہادی ساتھی قرار دیا، جو انٹیلیجنس ایجنسیوں کو مطلوب افراد میں سرِ فہرست تھے۔
شاہد اللہ شاہد کا کہنا تھا کہ ٹی ٹی پی کے دیگر کمانڈروں اور مشتبہ شدت پسندوں کی ہلاکت کے واقعات بھی ایجنسیوں کا کام ہے۔ یہ ایک متبادل ڈرون ہے اور اب ہم زمینی ڈرون کا شکار ہورہے ہیں۔