پاکستان

کراچی: فائرنگ کے مختلف واقعات میں دس افراد ہلاک

رینجرز نے صوبائی دارالحکومت میں ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران سولہ مشتبہ افراد کو گرفتار کرنے کا دعوٰی کیا ہے۔

کراچی: صوبے سندھ کے دارالحکومت کراچی میں جمعرات کے روز فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں دس افراد ہلاک ہو گئے جبکہ رینجرز نے ٹارگٹڈ آپریشن میں سولہ مشتبہ افراد کو گرفتار کرنے کا دعوٰی کیا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق شہر کے علاقے اورنگی ٹاون میں اے این پی کے مقامی رہنما سمیت پانچ افراد ہلاک ہو گئے۔

اس کے علاوہ سائٹ ایریا غنی چورنگی کے قریب فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہو گیا جبکہ مکا چوک اور بلدیہ ٹاؤن قائمخانی کالونی میں فائرنگ سے دو افراد ہلاک ہو گئے۔

بن قاسم تاؤن میں لنک روڈ سے دو افراد کی لاشیں ملیں جنہیں فائرنگ کرکے قتل کیا گیا تھا۔

دوسری جانب رینجرز نے صوبائی دارالحکومت کے علاقے لیاری، گلشن بہار، طوری بنگش کالونی، ناتھا خان گوٹھ، ماڈل کالونی، سائٹ ایریا اور پٹیل پاڑہ میں ٹارگٹڈ آپریشن کیا۔

رینجرز نے کارروائی کے دوران کالعدم تنظیموں کے کارندوں اور گینگ وار کے ملزمان سمیت سولہ افراد کو گرفتار کرکے بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کرنے کا دعوٰی کیا ہے۔