پاکستان

کرک : دھماکے میں تیرہ بچوں سمیت پندرہ زخمی

پشاور میں ایک دوسرے دھماکے میں ایک شخص زخمی ہو گیا۔
|

پشاور: پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع کرک کے علاقے دہاب میں پیر کی صبح ایک نجی اسکول کے باہر دھماکے میں کم سے کم تیرہ بچوں سمیت پندرہ افراد زخمی ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق، کچھ نامعلوم شر پسندوں نے دہاب کے علاقے میں واقع ایک نجی اسکول کے گیٹ کے باہر بم نصب کیا تھا جو زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں اسکول پرنسپل سمیت پندرہ افراد زخمی ہو گئے۔

واقعے کے بعد، زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال (ڈی ایچ کیو) منتقل کر دیا گیا.

پولیس نے نامعلوم شرپسندوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے.

پشاور ہوٹل میں دھماکا، ایک زخمی

پشاور کے علاقے نمک منڈی میں واقع تھری اسٹار ہوٹل میں دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہو گیا۔

پولیس کے مطابق، دھماکہ ہوٹل کی پہلی منزل کی لابی کے قریب ہوا دھماکے سے ہوٹل کا سیکورٹی گارڈ زخمی ہو گیا۔

جبکہ دھماکے کے نتیجے میں ہوٹل کی کھڑکیاں ٹوٹ گئیں۔

ہوٹل انتظامیہ کے مطابق تین مشتبہ افراد استقبالیہ سے چیکنگ کے بغیر ہوٹل سے باہر نکل گئے تاہم ان کا ریکارڈ انتظامیہ کی پاس موجود ہے۔

پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہے اور واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئیں ہیں۔

دھماکے کی نوعیت ابھی تک معلوم نہیں ہو سکی ہیں۔

پشاور خیبر پختونخواہ کا دارالحکومت ہے جو پاکستان کے قبائلی علاقوں کے کنارے واقع ہے جن کے بارے میں واشنگٹن کا کہنا ہے یہ القاعدہ اور طالبان عسکریت پسندوں کی محفوظ پناہ گاہ ہے۔

پچھلے کئی سالوں سے یہاں عسکریت پسند با قاعددگی سے شہریوں، پولیس اہلکاروں اور سیکورٹی فورسز کو نشانہ بنا رہے ہیں۔