دنیا

یونان کے ساحل پر چھ اعشاریہ ایک کی شدت کا زلزلہ

زلزلے کے جھٹکے یونان کے مختلف ساحلی علاقوں میں محسوس کیے گئے، تاہم ابھی تک جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

ایتھنز: یونان میں کیفلونیا کے جزیرے کے قریب آج پیر کی صبح شدید زلزلہ آیا، جس کی شدت امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق چھ اعشاریہ ایک ریکارڈ کی گئی۔

جیولوجیکل سروے کا کہنا ہے کہ زلزلہ پیر کی صبح پانچ بجکر آٹھ منٹ پر آیا جس کا مرکز ایتھنز سے 300 کلومیٹر دور مغرب میں تھا۔

ابتدائی طور پر ابھی کسی قسم کے جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ مہینے بھی اسی علاقے میں پانچ اعشاریہ آٹھ شدت کا زلزلہ آیا تھا۔

زلزلے کے جھٹکے دارالحکومت ایتھنز سمیت یونان کے مختلف ساحلی علاقوں میں محسوس کیے گئے۔

خیال رہے کہ یونان یورپ کا وہ ملک ہے جہاں عام طور پر زیادہ زلزلے آتے ہیں۔

جزیرہ کیفلونیا میں ماضی میں بھی زلزلے آتے رہے ہیں اور اگست 1953ء میں آنے والے ایک بڑے زلزلے سے یہاں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی تھی۔