پاکستان

آپریشن پر فوج کا ساتھ دینگے، عمران خان

حالات فوجی آپریشن کی جانب جا رہے ہیں، قبائلیوں کی حمایت حاصل کی جائے تو اسے جیتا جا سکتا ہے، سربراہ پی ٹی آئی۔

اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ وہ دہشت گردوں کے خلاف کسی بھی آپریشن کی صورت میں فوج کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔

ڈان نیوز کے مطابق بدھ کو اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کے دوران عمران خان کا کہنا تھا کہ کل جماعتی کانفرنس (اے پی سی) میں تمام سیاسی جماعتوں نے مسلم لیگ ن کی حکومت کو طالبان کے ساتھ مذاکرات کا اختیار دیا لیکن حکومت ایسا کرنے میں ناکام ہوگئی۔

پاکستانی طالبان کے ساتھ مذاکرات کے حامی عمران خان کا کہنا تھا جنگ میں اگر قبائلیوں کی حمایت حاصل کی جائے تو اسے جیتا جا سکتا ہے جبکہ مذاکرات کے حوالے سے حکومت انہیں اعتماد میں نہیں لے رہی۔

عمران خان نے خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ لگ رہا ہے کہ حالات فوجی آپریشن کی جانب جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ فوج کے ساتھ کھڑے ہیں لیکن آپریشن کا فیصلہ ہونےکی صورت میں انہیں اعتماد میں لیا جائے۔

یاد رہے کہ یہ بیان ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب گزشتہ دو دنوں میں شمالی وزیرستان میں سیکورٹی فورسز کے فضائی حملوں میں عسکریت پسندوں سمیت درجنوں افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

یہ حملے بظاہر راولپنڈی اور بنوں دھماکوں کا ردعمل نظر آتے ہیں تاہم سیکورٹی افسران کا کہنا ہے کہ انہیں حساس اداروں کی رپورٹوں کی بنیاد پر کیا گیا۔

افغانستان کے قریب واقع شمالی وزیرستان پاکستان کے سات نیم خودمختار قبائلی ضلعوں میں سے ایک ہے جسے متعدد عسکری گروپوں کا مضبوط گڑھ سمجھا جاتا ہے۔