ڈیرہ مراد جمالی میں گیس پائپ لائن دھماکے سے تباہ
کوئٹہ: پاکستان کے جنوب مغربی صوبے بلوچستان کے ضلع ڈیرہ مراد جمالی میں جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب نامعلوم افراد نے کوئٹہ جانے والی گیس پائپ لائن کو دھماکے سے اڑا دیا، جس کے نتیجے میں کوئٹہ سمیت صوبے کے متعدد اضلاع میں گیس کی فراہمی معطل ہوگئی۔
ڈان نیوز ٹی وی کے مطابق یہ واقعہ ڈیرہ مراد جمالی کے قریبی علاقے نوتال میں پیش آیا، جبکہ دھماکے سے آٹھ انچ قطر گیس پائپ لائن تباہ ہوگئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ شدت پسندوں نے اس کارروائی میں گیس پائپ لائن کے ساتھ بارودی مواد نصب کیا تھا جو زور دار دھماکے سے پھٹ گیا۔
دھماکے سے گیس پائپ لائن میں آگ لگ گئی جس پر چار گھنٹوں کی مسلسل کوششوں کے بعد قابو پایا جاسکا۔
دوسری جانب واقعہ کے بعد پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تفتیش کا عمل شروع کردیا ہے۔
صوبہ بلوچستان میں گیس پائپ لائن کو نشانہ بنانے کا یہ پہلا واقعہ نہیں، اس سے قبل بھی کئی مرتبہ شدت پسند اس قسم کی کارروائی کرتے رہے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال سات اپریل کو بھی اسی قسم کا ایک واقعہ پیش آیا تھا جس میں نامعلوم افراد نے صوبے کی ایک اہم گیس پائپ لائن اوچ کو دھماکے سے تباہ کردیا تھا۔