سندھ میں بلدیاتی انتخابات 18 جنوری کو ممکن نہیں: شرجیل میمن
کراچی: سندھ کے وزیراطلاعات اور بلدیات شرجیل میمن نے کہا ہے کہ سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کے پیش نظر اب سندھ میں اٹھارہ جنوری کو مقامی حکومت کے انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں رہا۔
پیر تیس دسمبر کی سہہ پہر اپنے آفس میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ”ہم 2001ء کی حدبندیوں کو تسلیم نہیں کرسکتے، اس لیے کہ یہ انتخابی حلقے مشرف حکومت نے اپنے سیاسی دوستوں کو مطمئن کرنے کے لیے بطور سیاسی رشوت تیار کیے تھے۔“ انہوں نے کہا کہ سندھ ہائی کورٹ کے اس فیصلے کے بعد ان کے پاس سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا اختیار موجود تھا، لیکن اس سلسلے میں کوئی بھی فیصلہ قانونی مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔
صحافیوں کے سوالوں کے جواب میں وزیرِ اطلاعات و بلدیات نے کہا کہ مقامی حکومت کے انتخابات کے لیے صوبے بھر سے کاغذات نامزدگی نئی حدبندیوں کے مطابق جمع کیے گئے تھے، اب اس فیصلے کی روشنی میں کالعدم ہوچکے ہیں، اور 2001ء کے انتخابی حلقے انہیں قابل قبول نہیں تھے، اور انہوں نے مطالبہ کیا تھا کہ صوبے میں نئی حلقہ بندیوں پرکام کیا جائے۔
شرجیل میمن نے مزید کہا کہ ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد صوبے بھر سے جمع کیے جانے والے کاغذاتِ نامزدگی غیر مؤثر ہوچکے ہیں، اور الیکشن کمیشن کو انتخابات کے ساتھ ساتھ نئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا نیا شیڈیول دینا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ”لہٰذا ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ مقامی حکومت کے انتخابات سے پہلے صوبے میں نئی حدبندیوں پر کام کیا جائے۔“