پنجاب: بلدیاتی الیکشن کا شیڈول جاری کردیا گیا

کراچی: الیکشن کمیشن آف پاکستان ( ای سی پی ) نے جمعے کے روز پنجاب میں لوکل باڈیز الیکشنز کا اعلان کردیا ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق شیڈول کے تحت پولنگ 30 جنوری 2014 کو ہوگی ۔
تفصیلات کے مطابق انتخابی عمل 22 دسمبر 2013 کو اس وقت شروع ہوجائے گا جب ای سی پی کاغذاتِ نامزدگی کی وصولی کا آغاز کرے گا۔ کاغذاتِ نامزدگی وصول کرنے کی ڈیڈلائن 27 دسمبر ہے۔
امیدواروں کے کاغذات پر اعتراضات کی سماعت 29 دسمبر تک ہوگی جبکہ ای سی پی کاغذاتِ کی جانچ کا کام تیس دسمبر سے چار جنوری کے دوران کرے گا۔
ای سی پی 13 جنوری کو فائنل لسٹ آویزاں کردے گا جس میں امیدواروں کے حتمی نام ہوں گے اور اسی روز ان کو انتخابی نشانات دیئے جائیں گے۔
ای سی پی نے الیکشن کی تاریخوں کے ساتھ ہی ضابطہ اخلاق کی منظوری بھی دیدی ہے۔
الیکشن کمیشن نے ضابطہ اخلاق میں امیدواروں کیلئے انتخابی مہم کے اخراجات کی حد پر بھی زور دیا ہے جس کے تحت ایک امیدوار مہم کے دوران بیس ہزار سے لے کر دو لاکھ روپے تک خرچ کرسکے گا۔
اس کے علاوہ انتخابی مہم کے دوران جلسے جلوسوں پر بھی پابندی ہوگی جبکہ صرف کارنر میٹنگز کی جاسکیں گی۔
ضابطہ اخلاق کے تحت انتخابی پوسٹر کے سائز کی بھی منظوری دی گئی ہے جو ذیادہ سے ذیادہ دو فٹ چوڑا اور تین فٹ لمبا بنایا جاسکتا ہے۔
اس کے علاوہ دوہری شہریت رکھنے والے افراد کو انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت نہ ہوگی۔