پاکستان

'بائیو میٹرک سسٹم کی تنصیب تک بلدیاتی انتخابات نہیں کرائینگے'

تحریک انصاف نے جس بھی حلقہ میں الیکشن میں حصہ لیا ہے دوبارہ گنتی کرائیں کبھی اعتراض نہیں کرینگے، عمران خان۔

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ ہم عام انتخابات کے انتخابی نتائج تسلیم کر چکے ہیں تاہم تمام سیاسی جماعتوں نے انتخابی عمل پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

پیر کو قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پر پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان پر ہمیں کوئی شک نہیں ہے، 2012ء کے انتخابات کے حوالے سے بھی ان کا قصور نہیں سمجھتے۔

عمران خان نے کہا کہ میں نے اس ایوان میں کہا تھا کہ جمہوریت کے مستقبل کیلئے ملک میں صاف، شفاف انتخابات کا انعقاد ضروری ہے، ہم نے صرف چار حلقوں کی بات اس لئے کی تھی کیونکہ ان میں تمام جماعتوں نے دھاندلی کا الزام لگایا تھا باقی نتائج ہم نے تسلیم کر لئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ آزاد عدلیہ، آزاد میڈیا اور صاف، شفاف انتخابات جمہوری مستقبل کیلئے ضروری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے جس بھی حلقہ میں الیکشن میں حصہ لیا ہے دوبارہ گنتی کرائیں کبھی اعتراض نہیں کرینگے۔

چئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ ہم نے الیکشن کے ساتھ ساتھ حکومت کا مینڈیٹ تسلیم کر لیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخوا میں جب تک بائیو میٹرک سسٹم تیار نہ ہوا بلدیاتی انتخابات نہیں کرائیں گے۔

عبدالقادر ملا کی پھانسی عدالتی قتل ہے، نثار