'امداد بند ہوئی تو ذمہ دار دھرنا دینے والے ہونگے'
اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات، قانون انصاف و انسانی حقوق سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ نیٹو سپلائی کی بندش سے عالمی امداد کی بندش ہوئی تو اس کی ذمہ داری دھرنا دینے والوں پر ہو گی۔
یاد رہے کہ یہ بیان ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب گزشتہ روز امریکی وزیر دفاع چک ہیگل نے دورہ پاکستان کے دوران پاکستانی حکام کو خبردار کیا تھا کہ اگر پاکستان نے نیٹو سپلائی کے راستے میں حائل بندشوں کو دور نہ کیا تو امریکا کا اسلام آباد کے لیے اربوں ڈالر مالیت کی امداد کو جاری رکھنا مشکل ہوجائے گا۔
دفاعی حکام کے مطابق ہیگل کو پاکستانی حکام کی جانب سے یقین دہانی کروائی گئی ہے کہ اس حوالے سے 'فوری طور پر کارروائی' کی جائے گی تاکہ نیٹو سپلائی کی افغانستان ترسیل ہوسکے۔
منگل کو وزارت قانون انصاف و انسانی حقوق کے زیر اہتمام انسانی حقوق کے عالمی دن کے حوالے سے منعقدہ تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز رشید نے کہا کہ ہم انتخاب کے ذریعے حکومت میں آئے اور لاپتہ افراد کے لئے کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو سوچنا چاہیے کہ کون سیاست کر رہا ہے اور کون ملکی مفادات کے لئے کام کر رہا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ اور آگاہی کیلئے میڈیا، سول سوسائٹی اور معاشرے کے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کو سنہری الفاظ میں الوداع کر رہے ہیں جنہوں نے عدلیہ کے استحکام اور جمہوریت کے تسلسل کے لئے مضبوط کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ نیٹو سپلائی کی بندش کے معاملہ پر امریکہ کی جانب سے امداد بند کرنے کی کوئی اطلاع نہیں اگر نیٹو سپلائی کی بندش سے عالمی امداد کی بندش ہوئی تو اس کی ذمہ داری دھرنا دینے والوں پر ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف بلدیاتی انتخابات میں چند کونسلروں کی نشستوں کے حصول کیلئے قومی مفاد کو داؤ پر لگا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جو افراد اب ڈرون حملوں کی مخالفت کر رہے ہیں وہ ایک ڈنر سے ڈرون کو ڈارلنگ بنا دینگے۔
تحریک انصاف بلدیاتی انتخابات میں چند کونسلروں کی نشستوں کے حصول کیلئے قومی مفاد کو داؤ پر لگا رہی ہے۔