پاکستان

سبی میں ایف سی پر حملہ، ایک اہلکار ہلاک

بلوچستان کے ضلع سبی میں ایک حملے کے دوران ایف سی کے ایک اہلکار ہلاک جبکہ ایک اور شدید زخمی ہوگئے، ترجمان۔

سبی: پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع سبی میں ایک حملے کے دوران ایف سی کے ایک اہلکار ہلاک جبکہ ایک اور شدید زخمی ہوگئے۔

ترجمان ایف سی بلوچستان خان واسع کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایف سی اہلکار لہری تحصیل میں چیک پوسٹ پر حملے میں ملوث عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائی کررہے تھے جس کے دوران وہ ایک بارودی سرنگ سے ٹکراگئے۔

موٹر سائیکل سوار شدت پسندوں نے ایف سی چیک پوسٹ پر فائرنگ کی تاہم اہلکاروں کی فوری کارروائی کے باعث اس سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ عسکریت پسندوں کا ہدف فورسز کو نقصان پہنچانا تھا۔

سبی کا علاقہ لہری بلوچستان کا سب سے شورش زدہ علاقہ مانا جاتا ہے۔ عسکریت پسند مسافر بسوں، گیس پائپ لائنوں اور سیکورٹی فورسز کو گزشتہ ایک دہائی سے نشانہ بناتے رہے ہیں۔

تاحال کسی گروپ نے واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی تاہم سیکورٹی فورسز کا ماننا ہے کہ اس میں بلوچ علیحدگی پسند ملوث تھے۔