دنیا

ایران اور پاکستان پائپ لائن منصوبے میں تیزی لانے پر متفق

ایران اور پاکستان نےآئی جی گیس پائپ لائن منصوبے میں تیزی لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایران.

تہران: ایران کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ ایران اور پاکستان نےآئی جی گیس پائپ لائن منصوبے میں تیزی لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے لئے پہلے بات چیت کی جائے گی اور اس کے بعد منصوبے پر تیزی سے عملدرآمد شروع کیا جائے گا۔

تہران میں منگل کے روز وزیر اعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی اور خارجہ امور سر تاج عزیز اور ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف کے درمیان ایک اجلاس میں ان امور پر بات چیت کی گئی اور گیس پائپ لائن پر بنیادی امور پر رضامندی ظاہرکی گئی ۔

وزارت خارجہ کی جانب سے جاری ایک پریس ریلیز کے مطابق سرتاج عزیز دس رکنی علاقائی اقتصادی تعاون کی تنظیم کے وزراء کی کونسل کے اکیسویں اجلاس میں شرکت کے لئے تہران میں ہیں۔

اجلاس میں طے پایا کہ ایران اور پاکستان کی کمپنیوں کے درمیان کام اور تعاون کو آگے بڑھانے کیلئے تکنیکی اور کاروباری پروپوزل تشکیل دیا جائے گا۔

اس کے علاوہ دونوں رہنماؤں نے علاقائی سیاست اور سلامتی کے امور پر بھی گفتگو کی۔ انہوں نے ایران اور پاکستان کے درمیان دوستانہ اور خوشگوار تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ دونوں فریقین نے دو طرفہ اقتصادی تعلقات پر زیادہ توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے اور دونوں ممالک نے آئندہ سال کے آغاز میں تہران میں مشترکہ وزارتی کمیشن کے اگلے دور کے انعقاد پر اتفاق کیا۔

اس سے پہلے ای سی او وزارتی اجلاس سے خطاب میں سر تاج عزیز نے تنظیم کے اغراض و مقاصد کے لئے پاکستان کے مضبوط عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ ای سی او کا مقصد پائیدار اقتصادی تعاون کو فروغ دینا ہے جو تعاون کا ایک ٹھوس علاقائی پروگرام ہے۔