پاکستان

سری لنکا کی شوگر انڈسٹری میں پاکستان کی سرمایہ کاری کی پیشکش

سری لنکا کے صدر مہندرا راجہ اور وزیراعظم نواز شریف نے دو طرفہ تجارت کو ایک ارب ڈالرز تک بڑھانے پر اتفاق کیا۔

کولمبو : وزیراعظم محمد نواز شریف نے سری لنکا کو سرکاری یا نجی شعبے کی جانب سے شوگر ملز لگانے کی پیشکش کی ہے۔ سری لنکا کے صدر نے وزیراعظم کو سری لنکا کی شوگر انڈسٹری میں سرمایہ کاری کی دعوت دی تھی۔

جمعہ کو سری لنکا میں پاکستانی کے ہائی کمیشن سے جاری ایک بیان کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے صدر مہندرا راجہ پاکسے کو دولت مشترکہ کے سربراہی اجلاس کی میزبانی پر مبارکباد دی۔

انہوں نے 2009ء میں خانہ جنگی کے اختتام کے بعد سے سری لنکا میں اقتصادی نمو کی رفتار کو سراہا اور دہشت گردی کے خاتمہ کی جدوجہد میں صدر مہندرا راجہ پاکسے کی قائدانہ صلاحیت کی تعریف کی۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔

اس سلسلے میں طے پایا کہ دو طرفہ تجارت کے حجم کو اگلے چند سالوں کے دوران چھیالیس کروڑ ڈالرز سے ایک ارب ڈالرز تک بڑھایا جائے گا۔

انہوں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ اقتصادی تعلقات کے فروغ میں دو طرفہ سرمایہ کاری کا کردار بہت اہم ہے۔

واضح رہے کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان گزشتہ دو ماہ کے دوران یہ دوسری ملاقات تھی جس سے دونوں ممالک کے درمیان پہلے سے قائم مضبوط تعلقات کو مزید تقویت ملے گی۔

ملاقات میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی، وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن انوشہ رحمن، سیکرٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی اور سری لنکا میں پاکستان ہائی کمیشن میجر جنرل (ر) قاسم قریشی بھی موجود تھے۔