برڈ فلو روکنے کے لئے لاکھوں مرغیوں کا قتلِ عام
میکسکو سٹی:وزارتِ زراعت کے مطابق حکومتی اہلکاروں نے برڈ فلو کے ممکنہ خوف سے مغربی میکسکو کے مختلف پولٹری فارمز میں تقریباً پچیس لاکھ پرندوں کو تلف کردیا ہے۔
اقوامِ متحدہ کے مطابق میکسکو میں پھوٹ پڑنے والی برڈ فلو کی تازہ وباء کا ذمے دار ایچ سیون این تھری وائرس ہے جس نے دنیا کے بعض ممالک میں غیر مسلسل انداز میں انسانوں میں مرض کی وجہ بنا ہے، تاہم اس وائرس کے فلو سے ہونے والے مرض کے ایک انسان سے دوسرے انسان تک منتقل ہونے کے کوئی ثبوت نہیں ملے ہیں۔
اہلکاروں کے مطابق، انہوں نے ایک سو اڑھتالیس فارمز کا دورہ کیا ہے اور اکتیس فارمز میں اس برڈ فلو وائرس کا انکشاف کیا ہے جبکہ چونتیس فارمز کے ٹیسٹ نتائج منفی آئے ہیں اور بقیہ پولٹری فارم سے نتائج ابھی آنا باقی ہیں۔
وزارت کے ایک بیان کے مطابق چونتیس لاکھ متاثرہ پرندوں میں سے پچیس لاکھ پرندوں کو کنٹرول اور حفاظتی اقدامات کے تحت ہلاک کیا گیا ہے۔
یہ وبا سب سے پہلے بیس جون دوہزار بارہ کو جیلسکو ریاست میں دیکھی گئی تھی۔ حکومتِ میکسکو نے دو جولائی کو جانوروں کی صحت سے متعلق قومی ایمرجنسی نافذ کردی تھی جب وبا بڑھ چکی تھی۔
پاکستان سے دس لاکھ ویکسین درآمد کرنے کے بعد پولٹری فارم کے ماہرین نے بتایا کہ اب انہوں نے بیجوں والی ویکسین تیار کرلی ہے جنہیں چار مختلف تجربہ گاہوں میں بھیج کر روزانہ ویکسین کی آٹھ کروڑ خوراک تیار کی جائیں گی۔
واضح رہے کہ دوہزار نو میں میکسکو میں سوائن فلو وائرس کا انکشاف ہوا تھا۔ لا گلوریا نامی علاقے میں سوائن فلو دریافت ہونے کے بعد اب وہاں کے اہلکار محتاط ہوگئے ہیں۔