دفاعِ پاکستان کی جانب سے لانگ مارچ کا آغاز
اسلام آباد: نیٹو سپلائی کی بحالی کے خلاف دفاع پاکستان کونسل کا لانگ مارچ اسلام آباد کی طرف رواں دواں ہے۔ کونسل کےسربراہ مولانا سمیع الحق نے کہاہے کہ وہ حکمرانوں کی طرف سے نیٹو سپلائی بحال کرنے کے فیصلے کو مسترد کرتے ہیں۔
دوسری جانب، مشیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ دفاع پاکستان کونسل کے لانگ مارچ کواسلام آباد میں خوش آمدید کہا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ کے شرکا محب وطن ہیں اور انہیں احتجاج کا حق ہے تاہم قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
افغانستان میں متعین نیٹو افواج کو پاکستان کی جانب سے رسد کی بحالی پر ریلی کے آغاز سے قبل مولانا سمیع الحق نے لانگ مارچ کی کامیابی کے لئے مسجدِ شہداء میں دعا کروائی۔
سفر کے آغاز میں لانگ مارچ ناصر باغ سے ہوتا ہوا شاہدرہ پہنچا،جہاں کونسل کے رہنماؤں نے خطاب کیا۔ جماعت اسلامی کے امیر سید منور حسن نے موجودہ حکمرانوں کو بحرانوں کی جڑ قرار دیا ۔
کاررواں مریدکے، کامونکی اور گوجرانوالہ سے ہوتا ہوا گجرات پہنچے گا۔ رات قیام کے بعد پیر کی صبح اسلام آباد روانہ ہوگا۔۔
اسلام آباد میں میڈیا سے بات چیت میں رحمان ملک نے کہا کہ لانگ مارچ کی سکیورٹی کے لیے مناسب انتظامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں بھی لانگ مارچ کے شرکا کوہرممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔ تاہم اگر انہوں نے قانون کوہاتھ میں لینے کی کوشش کی تو پھر قانون ہی کے مطابق کارروائی ہوگی۔
دفاعِ پاکستان کونسل کے اس مارچ میں ہزاروں افراد بسوں، گاڑیوں اور ٹرکوں کے ذریعے شرکت کرکے تقریباً دوسوپچھتر کلومیٹر فاصلہ طے کرکے کل اسلام آباد پہنچیں گے۔
ریلی کے ترجمان یحیٰ مجاہد نے خبررساں ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ اس لانگ مارچ میں تقریباً پچیس ہزار افراد شامل ہیں جبکہ تین ہزار افراد سیکیوریٹی اور حفاظت پر معمور ہیں۔ تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ لانگ مارچ میں آٹھ ہزار افراد شریک ہیں۔
ریلی سے قبل مولانا سمیع الحق نے کہا کہ یہ ہماری جدوجہد کی شروعات ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ امریکہ نہ صرف افغانستان بلکہ پاکستان سے بھی نکل جائے۔
اس موقع پر لشکرِ طیبہ کے سربراہ حافظ محمد سعید نے پاکستانیوں پر زور دیا کہ وہ بھی نیٹو بحالی کے حکومتی اقدام پر احتجاج کریں۔
دفاعِ پاکستان کونسل کی ریلی میں آئی ایس آئی کے سابق سربراہ جنرل حمید گل، جماعتِ اسلامی کے امیر منور حسن، اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید بھی شامل ہیں۔