الیکشن کے روز موبائل فون سروس بند نہیں ہوگی
اسلام آباد: سیکریٹر الیکشن کمیشن اشتیاق احمد نے جمعرات کے روز کہا ہے کہ عام انتخابات کیلئے تمام ضروری اقدامات کرلئے گئے ہیں اور الیکشن والے روز ( گیارہ مئ) کو موبائل سروس بند نہیں کی جائے گی۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان ( ای سی پی ) کی ایک میٹنگ کے بعد انہوں نے کہا کہ انتخابات میں شریک امیدوار، سیاسی رہنماؤں، ووٹروں اور پولنگ عملے کا تحفظ کلی طور پر صوبائی اور وفاقی حکومتوں کی ذمے داری ہے۔
اشتیاق احمد نے کہا کہ کمیشن کی ہدایات کےمطابق ہی تمام پولنگ سٹیشنز قائم کئے جائیں گے۔
انہوں نے توقع ظاہر کی کہ سیکیورٹی انتظامات عین منصوبے کے تحت ہی کئے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اپنے حلقے میں ووٹ ڈالنے کیلئے مطلوبہ پولنگ سٹیشن کی تفصیلات چھ مئی تک 8300 پر ایس ایم ایس کرکے معلوم کی جاسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری تیاری مکمل ہے اور تمام مشکلات کے باوجود ہم الیکشن کی جانب بڑھ رہے ہیں۔
سیکریٹری ای سی پی نے تمام سیاسی جماعتوں سے کہا کہ وہ پولنگ سٹیشن اور پولنگ سٹاف کی سیکیورٹی یقینی بنائیں۔
اشتیاق احمد نے بتایا کہ دو میڈیا نمائیندوں کو ہی پولنگ سٹیشن میں داخل ہونے کی اجازت دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ میٹنگ میں خیبرپختونخواہ اور بلوچستان کی صورتحال پر غور نہیں کیا گیا۔