وسیم اکرم کا فاسٹ باؤلرز کے لیے کیمپ
کراچی: پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کی تیاریوں کے لیے خصوصی تیز پچیں بنانے کے ساتھ ساتھ سابق کپتان اور فاسٹ باؤلر وسیم اکرم کی خدمات بھی حاصل کر لی ہیں۔
پی سی بی نے بدھ کو بتایا کہ اکرم انگلینڈ میں ہونے والے ایونٹ کے لیے کراچی میں دس روزہ خصوصی کیمپ کی نگرانی کریں گے۔
وسیم اکرم پاکستان کے سب سے کامیاب فاسٹ باؤلر ہیں جنہوں نے ٹیسٹ میچوں میں 414 جبکہ ایک روزہ میچوں میں 502 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔
بورڈ کے ایک عہدے دار نے بتایا کہ اس کیمپ میں قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلروں کے ساتھ ساتھ ابھرتے ہوئے نئے ٹیلنٹ کو بھی بلایا جائے گا۔
پاکستان کے چیف سیلیکٹر اقبال قاسم نے حال ہی میں کہا تھا کہ ملک میں فاسٹ باؤلنگ کا فن تیزی سے دم توڑ رہا ہے اور 'خدشہ ہے کہ مستقبل میں ٹیم کو اس شعبے میں بحران کا سامنا ہو گا'۔
ان کے یہ خیالات پاکستان کے جنوبی افریقہ کے ہاتھوں ٹیسٹ سیریز میں وائیٹ واش کے بعد سامنے آئے تھے۔
اس سیریز میں پاکستان کے سب سے تجربہ کار تیز باؤلر عمر گل دو ٹیسٹ میچوں میں صرف پانچ وکٹیں ہی حاصل کر سکے تھے۔
مہمان ٹیم نے سیریز میں تین نئے فاسٹ باؤلرز راحت علی، احسان عادل اور محمد عرفان کو بھی آزمایا تاہم صرف عرفان ہی کسی حد تک میزبان بلے بازوں کو پریشان کر سکے تھے۔
دوسری جانب، بورڈ نے انگلینڈ کے طرز پر خصوصی پچیں بھی تیار کرنے کا حکم دیا ہے تاکہ مشکلات کی شکار بیٹنگ لائن کو اچھی پریکٹس کا موقع مل سکے۔
برصغیر کی ٹیمیں عام طور پر سست اور خشک پچوں پر کھیلنے کی عادی ہوتی ہیں اور انہیں انگلینڈ، جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا جیسے ملکوں کی تیز پچوں پر مشکلات کا سامنا رہتا ہے۔
بورڈ کی جانب سے جمعرات کو جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ جنوبی افریقہ میں بیٹنگ لائن کی ناکامی اور انگلینڈ میں اہم ایونٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے ایبٹ آباد میں دس روزہ ٹریننگ کیمپ میں خصوصی پچیں تیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، پاکستان کے کپتان مصباح الحق نے مشورہ دیا تھا کہ ایونٹ کے لیے بلے بازوں کو تیز پچوں پر تیاری کرائی جائے۔
چھ سے تئیس جون تک ہونے والی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کو اپنے گروپ میں ویسٹ انڈیز، جنوبی افریقہ اور انڈیا کا سامنا کرنا ہو گا۔
دفاعی چیمپئنز آسٹریلیا، انگلینڈ، نیوزی لینڈ اور سری لنکا دوسرے گروپ میں آمنے سامنے ہوں گے۔












لائیو ٹی وی