پاکستان کو چھ ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلنے کی اجازت
کولالمپور: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو آسٹریلیا کے خلاف چھ ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے انعقاد کی خصوصی اجازت دے دی ہے۔
یہ سیریز متحدہ عرب امارات میں اگست میں کروانے کی تیاری کی جارہی ہے۔
یہ اجازت پیر کوکولالمپور میں جاری کونسل کے سالانہ اجلاس کے پہلے روز دی گئی ہے۔
آئی سی سی نے چیف ایگزیکیٹو کمیٹی کے اجلاس کے بعد ایک بیان میں کہا کہ انہیں چھ ٹی ٹوئنٹی میچوں کے انعقاد پر کسی قسم کا اعتراض نہیں ہے۔
پی سی بی نے آئی سی سی سے درخواست کی تھی کہ وہ آسٹریلایا کے خلاف تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز کو متحدہ عرب امارات میں دن کے اوقات شدید گرمی کی وجہ سے دوبارہ شیڈول کرنے کے حوالے سے لچک کا مظاہرہ کرے۔
آئی سی سی کے قواعد کے مطابق دو ملکوں کے درمیان ایک سیریز کے دوران زیادہ سے زیادہ تین ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے جا سکتے ہیں۔ تاہم مخصوص حالات میں زائد میچ کھیلنے کیلئے کونسل سے خصوصی اجازت درکار ہوتی ہے۔
وا ضح رہے کہ دو ہزار نو میں لاہور میں سری لنکن ٹیم پر دہشتگردوں کے حملے کے بعد غیر ملکی ٹیموں نے پاکستان کا دورہ کرنے سے معذ رت کر لی تھی جس کی وجہ سے پاکستان اپنی ہوم سیریز زیادہ ترمتحدہ عرب امارات میں منعقد کروانے پر مجبور ہے۔