راجیش کھنہ کی طبیعت بگڑ گئی
ممبئی: ہندوستان کے سپر اسٹار راجیش کھنہ کو طبیعت خراب ہونے پر ممبئی کے ایک ہسپتال میں داخل کر دیا گیا ہے۔
ہفتے کے روز انہیں ممبئی کے لیلا وتی ہسپتال لے جایا گیا جہاں انہیں کچھ دیر او پی ڈی میں رکھنے کے بعد کمرے میں منتقل کر دیا گیا۔
کھنہ کے بارے میں خیال کیا جا رہا ہے کہ انہیں معدے کا انفیکشن ہے۔انہوں نے کچھ دنوں سے کھانا پینا ترک کر دیا تھا ۔
کھنہ کے ہمراہ ان کی سابقہ اہلیہ ڈمپل کپاڈیہ اور بیٹی ٹوئنکل کھنہ بھی موجود ہیں۔
ان کی آمد کے بعد ہسپتال کی سیکورٹی میں مزید اضافہ کر دیا گیا ہے۔
'کاکا' کے نام سے جانے مانے اداکار کو اپریل میں کمر کی تکلیف کی بنا پر ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔
ہندی سینما کے پہلے سپر اسٹار سمجھے جانے والے راجیش کھنہ نے اپنے فلمی کیرئیر کا آغاز 1969 مییں فلم 'آخری خط' سے کیا تھا۔ ان کی ابتدائی کامیاب فلموں میں راز، دو راستے اور آرادھنا شامل ہیں۔
انہوں نے سپر اسٹار کا اعزاز اس وقت حاصل کیا جب 1969 سے 1972 تک انہوں نے پندرہ لگاتار سپر ہٹ فلمیں دیں۔