• KHI: Zuhr 12:29pm Asr 4:11pm
  • LHR: Zuhr 11:59am Asr 3:25pm
  • ISB: Zuhr 12:05pm Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:29pm Asr 4:11pm
  • LHR: Zuhr 11:59am Asr 3:25pm
  • ISB: Zuhr 12:05pm Asr 3:24pm

"شیعہ پر حملے، نائین الیون کا ردّعمل نہیں"

شائع March 7, 2013

کراچی میں دوہزارتیرہ کے سب سے ہلاکت خیز بم دھماکے کی تحقیقات جاری ہیں -- فائل تصویر
عباس ٹاؤن کے بدقسمت اپارٹمنٹس کی حالت زار جن کے مکین اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے اور جو زندہ بچ گئے ہیں ان کے لیے گرہستی اور گھر دونوں تباہ ہوچکے ہیں —. فائل فوٹو

(تحریر: صبا اعتزاز)

دو ماہ کے دوران  شیعہ مسلک کے لوگوں  پر ہونے والے دو حملوں میں 200 سے زیادہ افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

صرف چالیس دنوں کے درمیان بلوچستان میں تقریبا دو سو شیعہ ہزارہ کے قتل سے ملک بھر میں بے چینی پائی جاتی ہے۔

انگریزی اخبار ڈیلی ٹائمز کے مدیر راشد رحمان کہتے ہیں کہ ہزارہ برادری کے خلاف دہشت گردی کے پیچھے ایک خوفناک مقصد ہے۔

وہ کہتے ہیں، "اس ظلم کی ایک وجہ تو یہ ہے کہ وہ شیعہ ہیں اور جتنے حملے ہو رہے ہیں وہ فرقہ ہیں۔ دوسری یہ کہ کم تعداد میں ہونے کی وجہ سے ہزارہ برادری کو آسانی نے نشانہ بنایا جا سکتا ہے."

ہیومن رائٹس واچ کی حال ہی میں سامنے آئی ایک رپورٹ کے مطابق صرف سال 2012 ء میں ہی سوا سو سے زیادہ شیعہ افراد شدت پسندوں کا نشانہ بن چکے ہیں۔

مرکزی وزیر داخلہ رحمان ملک نے پارلیمنٹ میں اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ بلوچستان حکومت کو کیرانی روڈ دھماکے کی پیشگی اطلاع دے دی گئی تھی۔ سوال یہ ہے کہ اس کے بعد بھی اس حملے کو کیوں نہیں روکا جا سکا؟

بی بی سی کے نامہ نگار اور مصنف محمد حنیف کے خیال میں یہی غفلت ہی پاکستان کی قومی خصوصیت ہے۔

اُن کا کہنا ہے کہ"بہت سے دانشور اس تمام معاملے کو نائین الیون سے جوڑتے ہیں، لیکن وہ یہ بھول جاتے ہیں کہ سپاه صحابہ نامی عسکریت پسند تنظیم کا قیام  1984ء میں میں عمل میں آیا تھا اور تب سے اب تک اُن کا ایک ہی نعرہ ہے کہ شیعہ کافر ہیں اور حکومت ان کو کافر قرار دے۔ جب حکومت نے ایسا نہیں کیا تو وہ ان کو چُن کر چُن کر مار رہے ہیں۔ "

وہ کہتے ہیں، "مجھے لگتا نہیں کہ اب اسے  روکا جا سکتا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ اگر صرف ایک تنظیم کا قصور ہوتا تو اور بات تھی لیکن اب تمام اداروں اور معاشرے کی اکثریت میں یہ احساس پیدا ہوچکا ہے کہ جو ہلاک ہو رہے ہیں ان کا ہم سے کوئی تعلق نہیں۔"

دس جنوری کو کوئٹہ میں ہونے والے دو دھماکوں میں ایک سو پندرہ افراد ہلاک ہوئے تھے۔ ان میں سے زیادہ تر ہزارہ  شیعہ تھے۔ ایک ماہ سے کم کے عرصے میں کیرانی روڈ کے دھماکے میں پھر نواسی  افراد ہلاک ہو گئے۔

کالعدم تنظیم لشکر جھنگوی نے دونوں واقعات کی ذمہ داری قبول کی، لیکن بہت سے لوگ ہیں جو حکومت کی ان کے خلاف کارروائی سے مطمئن نہیں ہیں، راشد رحمان بھی انہی میں سے ایک ہیں۔

ان کا کہنا ہے، "جب وہ خود ہی ذمہ داری قبول کر رہے ہیں، تو انہیں اور ان کے لیڈروں کو پكڑا جائے۔  جب یہ واقعہ ہوا تو ان کے خلاف سخت کارروائی کیوں نہیں ہوئی؟ اس سے قبل سیکورٹی ایجنسیاں کیا کر رہی تھیں؟"

پاکستان علماء کونسل کے سربراہ حافظ طاہر اشرفی کی نظر میں اس کی وجہ انتظامیہ کی بنیادی کمزوریاں ہیں۔ ان کے خیال میں اگر عدالتی نظام مضبوط ہو تو اس قسم کے دہشت گردی کے واقعات کو روکا جاسکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ"مجرموں کو پھانسی دی جائے، قانون کی عملداری قائم ہو، اگر جج اپنی ہمت پیدا کریں اور قانون پر عمل کرنے والی ایجنسیوں کو اپنا کام کرنے دیا جائے۔ جب ہمارے نظام میں اتنی کمزوریاں  ہوں گی کہ مجرم کو اس کے انجام تک نہیں پہنچایا جا سکے گا تو لوگوں کے حوصلے ٹوٹ جائیں گے۔"

محمد حنیف کے خیال میں بہتر یہ ہوگا کہ پہلے اپنے گھر میں جھانک لیا جائے۔ ان کے خیال میں نفرتوں کی یہ جنگ پاکستان کی اپنی ہے اور اس حقیقت سے منہ نہیں پھیرا جا سکتا ہے۔

محمد حنیف کا کہنا ہے کہ سماج میں انتہا پسندی  بڑھتی جارہی ہے اور اس کے ساتھ شدت پسند تنظیموں کا کام آسان ہو رہا ہے۔

وہ کہتے ہیں، "بار  بار ان پر پابندیاں لگائی جاتی ہیں لیکن یہ نام بدل کر پھر اپنا کام شروع کر دیتے ہیں۔ کئی محلوں میں آپ کو ایسی مسجدیں مل جائیں گی جہاں پر "کافر کافر شیعہ کافر" کے نعرے لگائے جاتے ہیں۔ لوگوں کو اس طرح اُكسانا جرم ہے۔ لیکن میں یقین کے ساتھ کہہ سکتا ہوں کہ کوئی ایسا تھانےدار نہیں جو جا کر کسی مسجد میں گھس کر یہ بات کہہ سکے یا کسی ایسے جلسے کو روک سکے۔"

(بشکریہ بی بی سی ہندی)

کارٹون

کارٹون : 18 دسمبر 2024
کارٹون : 17 دسمبر 2024