پاکستان کیخلاف صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے: پنیٹا

کابل: امریکی سیکریٹری دفاع لیون پنیٹا اپنے فطری اتحادی بھارت کے دورے پر کیا گئے پاکستان کے خلاف ان کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا۔ کابل پہنچنے پر فوجیوں سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امریکی حکمت عملی کے دفاع کے لیے پاکستان پر دباؤ بڑھائیں گے۔ پاکستان کے معاملہ میں برداشت کی انتہا ہوچکی ہے۔
امریکی سیکریٹری دفاع جنگ کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لینے افغانستان کے غیر اعلانیہ دورے پر ہیں۔ وہ اس دوران جنوبی افغانستان میں مبینہ طور پر پرتشدد واقعات میں اضافہ کا سدباب کرنے کے لیے تبادلہ خیال کریں گے۔
پنیٹا نے فوجیوں سے خطاب کے دوران اعتراف کیا کہ افغان جنگ میں جنگجؤوں کے منظم حملے بڑھ گئے ہیں۔ دورہ افغانستان کے دوران جنرل جان ایلن نے انہیں موجودہ صورتحال پربریفنگ بھی دی۔
مختلف ملاقاتوں میں مزید امریکی فوجیوں کی وطن واپسی کے نئے منصوبے بھی زیر غور آئے۔
افغانستان روانگی سے پہلے لیون پنیٹا نے صحافیوں سے کہا تھا کہ موسم سرما میں جنگی حکمت عملی پربات چیت دورے میں اہمیت کی حامل ہوگی۔