جاپانی الیکشن میں لبرل پارٹی کامیاب

ٹوکیو: اتوار کو جاپان میں ہونے والے الیکشن میں لبرل ڈیموکریٹک پارٹی(ایل ڈی پی) تین سال بعد ایک بار پھر اقتدار میں آگئی ہے، تین سال قبل ایل ڈی پی کو بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
ایک مقامی ٹی وی کے مطابق ایل ڈی پی نے پارلیمنٹ کے ایوان زیریں کی 480 سیٹوں میں سے 291 نشستیں جیت لی ہیں اور وہ اپنی اتحادی جماعت نیو کمیٹو پارٹی کے ساتھ مل کر دو تہائی اکثریت حاصل کر لیں گے جس کے بعد انہیں ایوان بالا سے کسی بھی قسم بل منظور کروانے میں کوئی دقت پیش نہیں آئے گی۔
وزارت عظمیٰ کے امیدوار اور سابق وزیر اعظم شنزو ابے نے ایک ٹیلیویژن سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے جاپان کی گرتی ہوئی معیشت کو سہارا دینے اور ین کو مضبوط کرنے کا وعدہ کیا ہے۔
ایل ڈی پی نے انتخابی مہم کے دوران چین کے ساتھ متنازع جزیروں کے معاملات پر سختی سے نمٹنے، جوہری پالیسی کی حمایت کے ساتھ ساتھ گرتی ہوئی جاپانی معیشت کو سہارا دینے اور ین کو مضبوط کرنے کا وعدہ کیا تھا۔
یاد رہے کہ دو ہزار نو کے انتخابات میں ڈیموکریٹک پارٹی آف جاپان نے زبردست کامیابی حاصل کرکے قدامت پسند لبرل ڈیموکریٹک پارٹی آف جاپان کے پچاس سالہ اقتدار کے تسلسل کو توڑ دیا تھا۔