متنازعہ بھارتی لیگ کھیلنے پر جرمانے
پاکستان ہاکی فیڈریشن نے بھارت میں منعقدہ متنازعہ ورلڈ ہاکی لیگ میں شرکت کرنے پر آٹھ قومی کھلاڑیوں پر جرمانے عائد کر دیے ہیں۔
واسع جلیل کی سربراہی میں چار رکنی انضبا طی کمیٹی نے معاملے کی جانچ کے بعد سابق کپتان ریحان بٹ، شکیل عباسی، مدثرعلی، طارق عزیز، عدنان مقصود، عمران وارثی، وسیم احمد اور ذیشان اشرف شامل کو سزا سنائی۔
ریحان اور شکیل پر دس دس لاکھ جبکہ باقی کھلاڑیوں پر ڈھائی ڈھائی لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا ہے۔
تمام کھلاڑیوں کو سزا کے خلاف اپیل کیلئے سات دن کا وقت دیا گیا ہے۔
ڈان نیوز سے بات کرتے ہوئے ریحان بٹ کا کہنا تھا کہ وہ پُر امید ہیں کہ جرمانے معاف کر دیئے جائیں گے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان سمیت دیگر سینئر کھلاڑیوں کو اولمپک اسکواڈ میں شامِل کر لیا جائیگا۔
واضع رہے کہ فیڈریشن نے لیگ کھیلنے والے کھلاڑیوں پر ایک سال کی پابندی لگانے کا عندیہ دیا تھا جس کے نتیجے میں ان کا لندن اولمپکس میں حصہ لینے کے امکانات معدوم ہو سکتے تھے۔