قطرشاپنگ مال میں آتشزدگی سے تیرہ بچے ہلاک
دوحہ: قطر کے محکمہ داخلہ نے کہا ہے کہ ملک کے سب سے فیشن ایبل شاپنگ مال میں آتشزدگی سے تیرہ بچوں سمیت انیس افراد ہلاک ہوئے۔ اس واقعے نے تیزی سے ترقی کرتی ہوئی خلیجی ریاست میں عمارتوں کے حفاظتی معیارات پر کئی سوال اٹھائے ہیں۔
قطر کے وزیرِمملکت برائے داخلہ، شیخ عبداللہ بن نصر الثانی کے مطابق چند بچے اس وقت ہلاک ہوئے جب ولاجیو مال میں واقع بچوں کے نگہداشتی مرکز میں امدادی کارکن ان تک پہنچنے کی بھرپور کوشش کررہے تھے۔
ہلاک ہونے والوں میں چار ہسپانوی بچے بھی تھے جو قطر میں ہی رہائش پذیر تھے ۔ ہسپانیہ کے پرائیوسی قوانین کے تحت ان کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔ جبکہ ایک تین سالہ فرانسیسی بچہ بھی ہلاک شدگان میں شامل ہے۔
نیوزی لینڈ کے ذرائع ابلاغ کے مطابق، ایک ساتھ آنکھ کھولنے والے تین بہن بھائی ، للی، جیکسن اور ولشر ویکس بھی آتشزدگی کا شکار ہوئے جن کی عمر دو سال تھی۔
قطر کی حکومت نے اپنے آفیشل ٹویٹر پیج پر بتایا کہ چار مقامی اساتذہ اور شہری دفاع کے دو اہلکار بھی اس سانحے میں ہلاک ہوئے ہیں۔
منیلا میں فلپائنی امورِخارجہ کے ترجمان راول ہرنینڈز کے مطابق آتشزدگی میں کم از کم تین فلپائنی نرسری ٹیچرز بھی ہلاک ہوئی ہیں۔
عینی شاہدین کے مطابق دن کے وسط میں انہوں نے پُرتیعش شاپنگ مال کی بعض جگہوں سے گہرا دھواں نکلتے دیکھا۔ عام افراد کی جانب سے لی جانے والی ویڈیو اور تصاویرمیں فائرفائٹرز کو چھتوں پر چڑھ کر لوگوں کو بچاتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ تاہم آتشزدگی کی وجہ اب تک معلوم نہیں ہوسکی۔
قطرکی وزارتِ داخلہ کے ٹویٹر کے مطابق گاڑھے دھویں اور حرارت، نقشوں کی عدم موجودگی اور آگ بجھانے کے خود کار نظام میں خرابی کی وجہ سے امدادی کارروائیوں میں مشکلات پیش آئیں۔
ولاجیو شاپنگ مال بین الاقوامی برانڈز کے لئے ایک بہترین مال ہے جس کا افتتاح دو ہزار چھ میں کیا گیا تھا۔
قطر کی حکومت نے آتشزدگی کی اعلٰی سطح پر تحقیقات کا حکم دیدیا ہے۔