پاکستان کا حتف نہم نصرمیزائل کا کامیاب تجربہ
راولپنڈی:پاکستان نے ایٹمی اور روایتی وار ہیڈز لے جانے کی صلاحیت رکھنے والے حتف IX نصر میزائل کا کامیاب تجربہ کر لیا ہے۔
تجربے کے دوران ساٹھ کلومیٹر تک کی رینج رکھنے والے میزائل نے کامیابی کے ساتھ ہدف کا نشانہ بنایا۔
نصر میزائل نظام کا مقصد کم فاصلے کے خطرات اور اہداف سے نمٹنا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق زمین سے زمین تک مار کرنے والا یہ میزائل انتہائی تیزی کے ساتھ داغے جانے کی ٹیکنالوجی سے لیس ملٹی ٹیوب میزائل ہے۔
دفاعی ذرائع کا کہنا ہے کہ نصر ميزائل اپنی تيز رفتاري کے باعث دشمن کی بگتر بندگاڑيوں، ٹينکوں اور نچلی پرواز کرنے والے طياروں کيلئے انتہائی مہلک ہے۔
تقريب ميں ڈائريکٹر جنرل اسٹريٹيجک پلانز ڈويژن ليفٹيننٹ جنرل (ر) خالد قدوائی اور آرمڈ اسٹريٹيجک فورسز کمانڈ کے کمانڈر ليفٹيننٹ جنرل طارق نديم جيلانی سميت فوج کے سينيئر افسران اور سائنسدانوں نے شرکت کی۔
میزائل تجربے کی تقریب سے خطاب میں لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ خالد قدوائی کا کہنا تھا کہ نصر ميزائل کا تجربہ ايک بڑی کاميابي ہے، اس سے پاکستان کی دفاعی صلاحيت ميں اضافہ ہوا ہے۔
صدر اور وزیراعظم نے کامیاب میزائل تجربے پر سائنسدانوں کو مبادکباد دی ہے۔ — ڈان ڈاٹ کام