ڈرون حملے میں پانچ شدت پسند ہلاک
میرانشاہ: پیر کی صبح شمالی وزیرستان میں امریکی ڈرون کے حملے میں پانچ شدت پنسد مارے گئے۔ پاکستان کا یہ قبائلی علاقہ پاک ۔ افغان سرحد کے قریب واقع ہے۔
ڈرون حملہ ہاسوخیل کے علاقے میں ہوا جو میرانشاہ سے پچیس کلومیٹر مشرق کی جانب واقع ہے۔ یہ علاقہ بھی طالبان اور القاعدہ دہشت گردوں کا مضبوط گڑھ تصور کیا جاتا ہے۔
جمعرات سے اب تک ہونے والا یہ تیسرا ڈرون حملہ ہے۔
ایک پاکستانی سیکیوریٹی افسر نے بتایا کہ امریکی ڈرون نے عسکریت پسندوں کے ٹھکانے اور گاڑی پر چار میزائل داغے جس سے پانچ باغی ہلاک ہوئے۔
افسر نے مزید کہا کہ عسکریت پسندوں کا ٹھکانے کوبیس منٹ میں دو مرتبہ نشانہ بنایا گیا اور چارمیزائل داغے گئے۔
ایک اور سیکیوریٹی اہلکار نے حملے اور ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرنے والوں کی شناخت تو نہیں ہوسکی تاہم، یہ علاقہ ازبک، عرب اور غیرملکی عسکریت پسندوں کی آماجگاہ ہے۔
کئی رپورٹوں کے مطابق، جنوبی وزیرستان حقانی نیٹ ورک کا بھی مضبوط گڑھ ہے، جو حقیقت میں افغان دہشت گرد ہیں اور کابل میں مغربی اہداف پر کئی حملے کرچکے ہیں۔ ساتھ ہی پاکستانی طالبان کا سرغنہ حکیم اللہ محسود بھی ان حملوں میں ملوث ہے۔