عوام لانگ مارچ کی حمایت نہیں کریں گے: گیلانی
نارووال: وزیرِاعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پی پی پی کو تمام صوبوں کی عوام کی بھرپور تائید حاصل ہے اوراپوزیشن جس لانگ مارچ کے منصوبے بنارہی ہے اسے عوامی حمایت حاصل نہ ہوسکے گی۔
انہوں نے کہا کہ آمروں کی جانب سے مسخ کردہ انیس سو تہترکے آئین کی مکمل بحالی اس حکومت کا سب سے بڑا کارنامہ ہے ۔
علاقے کو سوئی گیس فراہمی کے سلسلے میں منعقدہ ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آمروں نے قومی مالیاتی کیمشن پر کوئی فیصلہ نہیں کیا جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی اوران کے اتحادیوں کو یہ کریڈٹ جاتا ہے کہ انہوں نے مالیاتی کمیشن پرعملدرآمد کرتے ہوئے تمام صوبوں کے حقوق کا تحفظ کیا۔
انہوں نے کہا کہ گلگت۔ بلتستان کے لوگوں کوخود سے حکومت کرنے کا حق دیا گیا اورصوبہ خیبر پختونخواہ کو نام دیتے ہوئے اسے شناخت دی گئی۔ حکومت کی جانب سے اصلاحات کے بعد وفاق کے زیرِانتظام قبائلی علاقوں کی عوام کو ان کے حقوق دئیے گئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سرائیکی صوبہ بھی پی پی پی ہی قائم کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت بلا امتیاز لوگوں کی بنیادی ضروریات پوری کرناچاہتی ہے۔
اگیلانی نے کہا کہ ذوالفقارعلی بھٹو کی اس جُرم کے پاداش میں سزائے موت دی گئی کہ انہوں نے عوام الناس کو عزت، شناخت، ووٹ کا حق اور بولنے کی ہمت دی تھی۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ انہوں نے پانچ سال اور صدرآصف علی زرداری نے گیارہ سال جیل میں گزارے لیکن ہم پارٹی سے وفاداررہے اور کوئی سمجھوتہ نہیں کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ کسی کو بھی جمہوریت کو نقصان پہنچانےاورعوام الناس کی خودداری کو ٹھیس پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
نارووال میں ڈیڑھ ارب کی لاگت سے ترقیاتی منصوبہ شروع کیا جارہے جبکہ یہاں کے ایم این اے کا تعلق پیپلز پارٹی سے نہیں ہے۔
" ہم اپنے منشورپر اسی فیصد عمل کرچکے اور پی پی پی اور اس کے اتحادی تمام ضمنی انتخابات جیت چکے ہیں جو ہماری جماعت کی کامیابی کی علامت ہے ۔ " انہوں نے کہا۔
انہوں نے مزید کہا کہ نارووال ضلعے میں تین ارب روپے کے ترقیاتی منصوبے مکمل کئے جاچکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ کا اجرا اس وقت کیا جاتا ہے جب ڈکٹیٹر کی حکومت ہو، ججوں کو مبحوس کیا گیا ہو یا ذرائع ابلاغ پابندیوں کا شکار ہو۔
انہوں نے نوازشریف اور شہباز شریف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو پاکستان میں آکرملک اور لوگوں کےحقوق کیلئے جدوجہد کرنا تھی لیکن آپ ایک آمر سے معاہدہ کرکے جدہ چلے گئے۔
انہوں نے کہا کہ ایک بھائی کہتا ہے کہ اسے زرداری بطورصدر قبول نہیں، پھر دوسرا کہتا ہے کہ اسے یوسف رضا گیلانی بطور وزیرِاعظم قبول نہیں اب ن لیگ کا ایک تیسرا لیڈر کہتا ہے کہ اس کے لئے قومی اسمبلی کی اسپیکرناقابلِ قبول ہے ۔
انہوں نے نارووال ڈسٹرکٹ بار کے لئے بیس لاکھ اور ظفروال بار کے لئے دس لاکھ روپے امداد کا اعلان کرتے ہوئے علاقے میں پاسپورٹ آفس کے قیام کا بھی اعلان کیا۔