چھ جون: سیارہ زہرہ سورج کے سامنے سے گزرے گا
کراچی: اگلےماہ جون کی چھ تاریخ کو سیارہ زہرہ یا وینس سورج کے سامنے سے گزرے گا جسے پاکستان میں بھی دیکھا جاسکے گا۔
سیارہ زہرہ اپنے عبوری یا ٹرانزٹ مرحلے میں سورج پر ایک سیاہ تل کی مانند دکھائی دے گا۔
اکیسویں صدی میں نظامِ شمسی کے دوسرے سیارے، زہرہ کا عبور سورج کے سامنے ہوگا اور اس موقع پر یہ منظر زمین کے بڑے حصے سے دیکھا جاسکے گا۔
پاکستان کے خلائی تحقیقی ادارے، سپارکوکے مطابق یہ منظر اب ایک سو پانچ سال بعد دوہزار ایک سو سترہ میں دیکھا جاسکے گا۔
چھ جون کو صبح صادق سے صبح نو بج کر پچاس منٹ تک زہرہ سورج کے سامنے نظرآئے گا تاہم اس کا عروج صبح ساڑھے سات بجے سے سات بج کر پینتالیس منٹ تک رہے گا۔
سیارہ زہرہ زمین سے خاصے فاصلے پر ہے اوربہت چھوٹا بھی ہے اسی لئے سورج کے سامنے آنے سے اس کی روشنی پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔
سپارکو نے اس اہم موقع کا جائزہ لینے کے لئے خصوصی انتظامات کئے ہیں۔
ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اس موقع پر سورج کو براہِ راست دیکھنے سے گریز کیا جائے۔
اسکے لئے ویلڈنگ کے شیشے، الٹراوائلٹ گلاس یا ایکس رے فلم استعمال کی جائے تاہم ان کی موجودگی کے باوجود بھی سورج کو بہت دیر تک براہِ راست دیکھنے سے گریز کیا جائے۔