بس پر مسلح افراد کی فائرنگ سے سات افراد ہلاک
کراچی: نوابشاہ کی تحصیل قاضی احمد کے قریب، نیشنل ہائی وے پر نامعلوم افراد کی مسافربس پر فائرنگ سے سات افراد ہلاک اور تین زخمی ہوگئے۔
ہلاک شدگان اور زخمیوں کو فوری طور پرقاضی احمد کے سول ہسپتال میں پہنچایا گیا۔
سینیئر پولیس افسر، ثنااللہ عباسی نے سات افراد کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مسافر بس میں پچاس سے زائد مسافر سوار تھے جو کراچی سے اٹک جارہی تھی۔
تفصیلات کے مطابق بس میں سوار دو افراد نے قاضی احمد کے قریب ڈرائیور کو بس روکنے کو کہا اور اس مقام پر دوموٹرسائیکل سوار پہلے سے ہی موجود تھے جنہوں نے بس پر فائرنگ کی اور فرار ہوگئے۔
ثنااللہ عباسی نے کہا کہ ابھی تشویش جاری ہے اور یہ ڈکیتی میں ناکامی کی واردات لگتی ہے۔
ایم کیو ایم کا ردِعمل
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے سندھ کے شہر قاضی احمدمیں کوہاٹ جانے والی مسافربس پر دہشت گردوں کی فائرنگ کے واقعہ کی پرزورالفاظ میں مذمت کی ہے۔
ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ معصوم وبےگناہ مسافروں پروحشیانہ فائرنگ کھلی دہشت گردی اوربربریت ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔