• KHI: Zuhr 5:00am Asr 5:00am
  • LHR: Zuhr 5:00am Asr 5:00am
  • ISB: Zuhr 5:00am Asr 5:00am
  • KHI: Zuhr 5:00am Asr 5:00am
  • LHR: Zuhr 5:00am Asr 5:00am
  • ISB: Zuhr 5:00am Asr 5:00am

کراچی میں کشیدگی، ایک ہلاک گیارہ زخمی

شائع May 23, 2012

کراچی میں آج فائرنگ کے واقعات میں ایک شخص ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ فائل تصویر

کراچی: کراچی میں آج بھی کشیدگی، سوگواری اور جزوی ہڑتال کا سماں رہا جبکہ مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں ایک شخص ہلاک اور گیارہ زخمی ہوگئے۔

وفاقی حکومت نے کراچی میں حالات کی خرابی کا جائزہ لینے کے لئے چار رکنی کمیٹی بھی قائم کی ہے تاہم شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کرکے دکانیں اور بازار بند کرادئیے گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق، قائد آباد  کے علاقے ميں ايک بس پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہوگئے بعدازاں عزیز الرحمن نامی شخص زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑگیا۔

نامعلوم افراد نے لی مارکیٹ کے قریب جلاؤ گھراؤکرتے ہوئے ایک بس اور کئی ٹائر جلادئیے۔ بہار کالونی میں فائرنگ سے مدد شاہ نامی ایک شخص زخمی ہوگیا جبکہ ملیر میں بھی نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔

شاہراہ فیصل پر فائن ہاؤس کے قریب فائرنگ کے واقعے میں ایک اسکول ٹیچر زخمی ہوگیا جبکہ اورنگی ٹاون میں گولیاں لگنے سے دو افراد زخمی ہوگئے۔

لی مارکیٹ، کھارادر، اور کاغذی بازار میں فائرنگ سے تین افراد زخمی ہوئے۔ حب چوکی کے قریب فائرنگ سے ایک خاتون زخمی ہوگئیں۔  شہر کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سےفائرنگ کے باعث کشیدگی اور خوف و ہراس کا راج ہے ۔

گزشتہ روزسندھ کے قوم پرست رہنما، ایاز لطیف پلیجو، مسلم لیگ ن کی ماروی میمن اور دیگر رہنماوں کی قیادت میں سندھ کی یکجہتی اور مہاجر صوبے کے خلاف ریلی پر اس وقت فائرنگ ہوئی جب وہ لیاری سے کراچی پریس کلب جارہی تھی۔ فائرنگ سے گیارہ افراد ہلاک اور پچیس سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔

بعد ازاں، ایک پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایازلطیف پلیجونے کہا کہ ان کی ریلی پُرامن تھی اورشرکا غیرمسلح تھے۔

پلیجو نے واقعے کے خلاف تیئس مئی کو سندھ بھر میں ہڑتال کا اعلان بھی کیا تھا ۔

عوامی تحریک پر فائرنگ کے خلاف اندرونِ سندھ کئی شہروں میں جزوی ہڑتال کی گئی اور کاروبارِ زندگی معطل رہا۔

ریلیوں پر پابندی کی تجویز

آج صبح وزیرِ اعلٰی سندھ، قائم علی شاہ کی نگرانی میں کراچی میں امن وامان کا جائزہ لینے کے لئے اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کیا گیا۔

اجلاس میں یہ تجویز بھی پیش کی گئی کہ پورے سندھ میں دو ماہ کے لئے جلسے جلوسوں اور ریلیوں پر پابندی عائد کردی جائے، جبکہ صرف اتوار کے روز مخصوص مقامات پر ہی جلسے اور اجتماعات کی اجازت دی جائے۔

اجلاس میں  یہ عوامی تحریک کی جانب سے نکالی جانے والی سندھ محبت ریلی پر فائرنگ میں ہلاک ہونے والے افراد کو معاوضہ دئیے جانے پر بھی غور ہوا۔

رحمان ملک پر تنقید

وزیرِ اعظم یوسف رضا گیلانی کی سربراہی میں وزیرِ اعظم ہاوس، اسلام آباد میں کراچی کی حساس صورتحال پر ایک اعلٰی سطح اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزیرِ داخلہ، رحمان ملک پر شدید تنقید کی گئی اور ان کے ساتھی وزرا نے  سندھ میں امن وامان کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر ان کی سرزنش کی۔

کارٹون

کارٹون : 31 مارچ 2025
کارٹون : 30 مارچ 2025