• KHI: Fajr 5:03am Sunrise 6:19am
  • LHR: Fajr 4:26am Sunrise 5:48am
  • ISB: Fajr 4:29am Sunrise 5:53am
  • KHI: Fajr 5:03am Sunrise 6:19am
  • LHR: Fajr 4:26am Sunrise 5:48am
  • ISB: Fajr 4:29am Sunrise 5:53am

!معاف کردو

شائع November 19, 2012

بنگلہ دیشی وزیر خارجہ محترمہ دیپو مونی -- فوٹو وکی میڈیا کامنز --.

محترمہ دیپو مونی صاحبہ! معاف کیجیے ہم آپ سے معافی نہیں مانگ سکتے۔  

وجہ یہ نہیں کہ ہم اب بھی آپ کو مچھلی چاول کھانے والا پانچ فٹا بنگالی سمجھتے ہیں اور نہ ہی یہ کہ ہم اب بھی آپ کی نسل بدلنے کا ارادہ کہیں دل میں چھپائے بیٹھے ہیں۔ آپ تو خود وزیر خارجہ ہیں جانتی ہیں کہ دنیا بدل رہی ہے۔

ساتویں بحری بیڑے والوں سے ہمارے رومانس  کے زمانے لد چکے۔ خلیج بنگال ہم بھول بھال گئے۔ وہ بھی اب بحیرہ عرب میں آتے ہیں اور ہمارے سر پر سے ان کے وفد اور میزائل شوں شوں کرتے افغانستان  پر نازل ہوتے ہیں۔ آج کل تو  ہم ڈر رہے ہیں کے انہی بیڑے والوں کی زمینی فوج ہمارے گھر نہ گھس آئے۔

دال سبزی کھانے والوں سے آپ نے ہمارے ہزار دفعہ کہنے پر بھی دوستی نہیں چھوڑی اس کا شکوہ تو ہے لیکن معافی نہ مانگنے کی وجہ یہ بھی نہیں کہ اب تو ہم نے خود انہیں آلو پیاز بھجوانے شروع کر دیے ہیں۔

آپ سے معافی مانگنے میں ہمیں اور تو کوئی اعتراض نہیں مگر ہمارا آپ کا خطہ روایت پرست لوگوں کا گھر ہے۔  ایک معافی سے یہ ریت چل نکلی تو ہم کیا کریں گے کس کس سے معافی مانگتے پھریں گے۔

لوگوں کی زبان کون پکڑ سکتا ہے۔ کل کلاں ہمارے سابقہ امیر المومنین ملاّ عمر نے کسی غار سے کوئی ای میل لکھ ماری کے صاحب پہلے تم نے تخت پر بٹھایا پھر تختہ کروا دیا اس پر معافی مانگو تو؟

ادھر امریکہ کو بھی بہت غصہ ہے۔ آپ تو جانتی ہیں کہ ان سے ہمارے معافی کے کھاتے چلتے ہیں۔ کبھی ہم سرد جنگ کے بعد افغانستان چھوڑنے پر معافی مانگنے کو کہتے ہیں کبھی گرم جنگ کے بعد افغانستان نہ چھوڑنے کے  ارادے پر معاف نہ کرنے کی دھمکی دلواتے ہیں۔ ابھی سلالہ پر بھی ہم نے ان سے معافی منگوائی تھی۔ سو اگر انہوں نے  بدلہ لینے کو ایبٹ آباد کا قصّہ  چھیڑ دیا تو کیا ہو گا۔ پہلے بڑی مشکل سے ڈاکٹر صاحب کی گردن دے کر جان چھڑائی تھی اب کیا کریں گے۔ اسامہ وہ خود لے گئے ورنہ  ہم نے کئی معافیوں کی ایک معافی سنبھال رکھی تھی کسی مشکل وقت کے لئے۔

ہندوستان تو ہے ہی دشمن کمبخت ہمارے حکومت کو جانے کیا ہوا کہ اس نے بھی مان لیا کہ ممبئی پر حملے ہم پاکستانیوں نے کئے تھے اب ہندوستان  سے بھی معافی مانگیں گےکیا!؟  وہ تو خالی خولی معافی پر رضامند بھی نہیں ہو گا۔ اس کی نظر بہت عرصے سے ہماری مدر ٹریسا، حافظ سعید پر ہے۔ ارے وہی جو فلاحی کاموں کے لئے لشکر ترتیب دیتے رہتے ہیں۔ حالانکہ انہوں  نے تو کب کی توبہ کرلی کشمیر میں ہندوستانی فوجییوں کے سری پائے بنانے سے، اب تو صرف پہلے سے ذبح شدہ جانوروں کی وردیاں اکھٹی کرتے ہیں۔

ادھر چین نے کوئی چالیس مجاہد ہم سے مانگے ہوئے ہیں جو سنکیانگ میں اسلام کی خدمت کرتے کرتے تھک گئے تھے تو ہجرت کرکے شمالی وزیرستان میں آرام کر رہے ہیں۔ اگر اس نے بھی ان چالیس کے ساتھ ایک معافی کا مطالبہ کر دیا تو۔ خیر اپنا دوست ہے سب کے سامنے ہاتھ نہیں جڑوائے گا اکیلے میں سوری شوری پے مان جائے گا لیکن ہے تو سبکی ہی۔

وہ کرزئی بھی بہت بپھرا ہوا رہتا ہے اسے بھی موقع مل جائے گا۔ اپنا ملک سنبھال نہیں سکتا ہر الزام  ہمسایوں پر دھر دیتا ہے۔ ہم نے کبھی ایسا کیا۔ وہ بھی کسی سفارت خانے، کسی فوجی اڈے پر حملے کا ٹانکا جوڑ دے گا ہم سے۔ اور پھر وہی معافی۔ نا بابا نا یہ نہیں ہو گا ہم سے۔

شکر ہے ایک طرف بحیرہ عرب ہے وہ کم سے کم معافی مانگنے کا تو نہیں کہے گا۔ ملکوں کی تو چلو اور بات ہے آپ لوگوں کے مرنے پر ہی معافی منگوانا چاہتی ہیں نا۔ ارے آپ سے مانگ لی تو یہ بلوچ پختون سندھی سرائیکی سب کھڑے ہو جائیں گے۔ یہ آپریشن وہ آپریشن، اس پر معافی، اس کی تلافی، کیا کیا کریے گے ہم جانے دیں، دو تین ملین لوگ ہی تھے نا رہنے دیں دفع کریں۔


Salman Haiderشاعری اور تھیٹر کو اپنی ذات کا حصّہ سمجھنے والے سلمان حیدر راولپنڈی کی ایک یونیورسٹی میں پڑھاتے ہیں

سلمان حیدر

شاعری اور تھیٹر کو اپنی ذات کا حصّہ سمجھنے والے سلمان حیدر راولپنڈی کی ایک یونیورسٹی میں پڑھاتے ہیں.

ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔
ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔

تبصرے (9) بند ہیں

معاف کردو: بنگلہ دیشی وزیر خارجہ کے نام : روشنی (BETA) Nov 19, 2012 06:09pm
[...] بشکریہ : ڈان اردو [...]
sattar rind Nov 21, 2012 12:41am
really great.
Shazia Nov 21, 2012 12:59am
very well said Mr Salmaan Haider.
salman haider Nov 21, 2012 09:23am
Nawa zish sattar rind sahab
salman haider Nov 21, 2012 09:54am
Shukria shazia sahiba
Shahin Nov 21, 2012 03:41pm
I agree with you Salman Haider,really nice artical.
salman haider Nov 21, 2012 05:23pm
Shukria shahin...
Tehmina Nov 22, 2012 04:37am
really superb article sir gi.
Yuri Dec 20, 2012 07:26am
That's a crackerjack ansewr to an interesting question

کارٹون

کارٹون : 16 ستمبر 2024
کارٹون : 15 ستمبر 2024