نڈال نے روم ٹینس ماسٹر جیت لیا
روم: کلے کورٹ کے بادشاہ رافیل نڈال نے عالمی نمبر ایک سربیا کے نواک جوکووِچ کو شکست دے کر روم ماسٹرز ٹینس ٹورنامنٹ کا کامیاب دفاع کیا۔
رواں ماہ میڈرڈ ماسٹرز کے بلیو کلے کورٹ پر نڈال بجھے بجھے دکھائی دیئے تھے لیکن روم میں ہسپانوی چیمپئن ایک بار پھر اپنی روایتی پھرتی کے ساتھ نظر آئے۔
فائنل میں نڈال نے شروع سے ہی جوکووچ کے خلاف اس برق رفتاری کا مظاہرہ کیا جس کیلئے وہ مشہور ہیں۔
پانچویں گیم میں جوکووِچ کے ڈراپ شاٹ پر زور دار ہٹ کے ذریعے نڈال نے سروس بریک حاصل کی لیکن سربین کھلاڑی نے جلد ہی بریک واپس حاصل کر لی۔
نڈال نے جوکووِچ کی ایک اور سروس بریک کر کے سیٹ سات ۔ پانچ سے اپنے نام کرلیا۔
دوسرے سیٹ میں جوکووِچ شروع میں ہی سروس کھو بیٹھے اور نڈال نے سیٹ چھہ۔ تین سے جیت کر چھٹی بار روم ماسٹرز کا ٹائٹل جیت لیا۔
اس فتح کے ساتھ ہی نڈال نے راجر فیڈرر کو عالمی رینکنگ میں ایک بار پھر دوسرے نمبر پر آگئے۔